اطلاع کے مطابق سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے تین کے دریا میں بہہ جانے اور دو کے گاڑی سمیت ڈوب جانے سے تین افراد کی دردناک موت واقع ہوگئی۔
جاپان کے وزیراعظم شنزو آبے نے ملک کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ محکمہ کو شہریوں کی جان بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایات دی ہیں۔
وزیراعظم آبے نے سوشل میڈیا پر کہا کہ 'میں نے ابھی سنہ 2019 کے ٹائیفون نمبر 19 کے لیے ہنگامی ہیڈکوارٹر کی 12 ویں میٹنگ بلائی ہے۔ تمام وزارتوں اور ایجنسیز کو تمام ضروری اقدامات کرنے اور محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے، جبکہ آفات سے نمٹنے کے لیے ہم ہر ممکن کوشش کریں گے'۔
این ایچ کی میڈیا رپورٹ کے مطابق مسلسل بارش کی وجہ سے ناريتابین الاقوامی ہوائی اڈے پر زیادہ تر پروازیں یا تو منسوخ یا ملتوی کردی گئی ہیں، جس کی وجہ سے تین ہزار مسافروں کو مجبوراً ہوائی اڈے پر ہی رات گذارنی پڑی۔ ہوائی اڈے کی انتظامیہ نے اس دوران لوگوں کی مدد کے لیے کپڑے اور کھانے بھی تقسیم کیے۔
چیبا کے علاقے میں دراصل جمعہ کو آدھے ہی دن میں پورے مہینے کے برابر بارش ہوگئی جس کی وجہ سے علاقے میں حالات انتہائی خراب ہو گئے ہیں۔
یاد رہے کہ تقریباً 13 نديوں کی آبی سطح خطرے کے نشان سے اوپر ہیں اور ابھی تک 50، ہزار لوگوں کو محفوظ نکالا گیا ہے، اس کے علاوہ کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کی اطلاعات ہیں۔