تلنگانہ کے گورنر ای ایس ایل نرسمہن اور دیگر اہم شخصیتوں نے سابق مرکزی وزیر ایس جے پال ریڈی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
گورنرنے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ جے پال ریڈی کی موت کی اطلاع پر ان کو گہرا دکھ پہنچا ہے۔ وہ عوام بالخصوص اسمبلی اور پارلیمنٹ میں اپوزیشن میں ہونے کے دوران عوام کی آواز بن گئے تھے۔ ان کی موت سے تلنگانہ کا عظیم نقصان ہوا ہے۔
تلنگانہ کے وزیر زراعت سنگی ریڈی نرنجن ریڈی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ محبوب نگر میں جے پال ریڈی نے کافی ترقی کے کام کیے۔ انہوں نے یاد دہانی کروائی کہ جے پال ریڈی کو بہترین پارلیمنٹرین کا ایوارڈ بھی ملا تھا۔ آنجہانی لیڈر اپنی سنجیدگی اور بے لوث کام کی وجہ سے جانے جاتے تھے۔
تلنگانہ اسمبلی کے اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی، وزرا ای دیاکر راو، اندراکرن ریڈی، ارکان اسمبلی ہریش راو، ملو بھٹی وکرامارکا اور سابق رکن پارلیمنٹ کویتا نے بھی آنجہانی لیڈر کو خراج پیش کیا۔
اے پی کے وزیراعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی نے بھی جے پال ریڈی کو خراج پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جے پال ریڈی اپنی تقریری صلاحیت کے لیے جانے جاتے تھے۔ انہوں نے جے پال ریڈی کے غمزدہ ارکان خاندان سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کے چندرشیکھرراو اور کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے بھی مرحوم کی خدمات کو یاد کیا اور خراج عقیدت پیش کیا۔
ریڈی کا ہفتہ کو دیر رات 77 برس کی عمر میں انتقال ہوگیا۔