لیجنڈری اداکار اور بالی ووڈ کے ممتاز مزاح نگار جگدیپ کا 81 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔
ان کا اصل نام سید اشتیاق احمد جعفری تھا، ان کی پیدائش 29 مارچ 1939 کو ہوئی تھی، جگدیپ نے 400 سے زائد فلموں میں کام کیا ہے، انہوں نے سنہ 1975 میں آنے والی مشہور فلم شعلے میں سورما بھوپالی کا کردار ادا کر کے خوب شہرت حاصل کی۔ اس کردار سے انہیں خوب مقبولیت بھی ملی۔
اس کے علاوہ فلم 'پرانا مندر' میں مچھر کا کردار اور فلم 'انداز اپنا اپنا' میں سلمان خان کے والد کے کردار میں بھی جگدیپ نظر آئے تھے اس فلم سے شائقین خوب لطف اندوز ہوئے تھے۔
انہوں نے سورما بھوپالی نامی ایک فلم کی ہدایتکاری بھی کی تھی، اور خود ہی اس فلم میں مرکزی کردار بھی ادا کیا تھا۔
جگدیپ نے 1951 میں بی آر چوپڑا کی فلم 'افسانہ' سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا، جگدیپ اس فلم میں بطور چائلڈ آرٹسٹ نظر آئے تھے۔
اس کے بعد علاوہ انہوں نے بہت سی فلموں میں بطور چائلڈ آرٹسٹ کام کیا، جن میں گرو دت کی 'آر پار'، بمل رائے کی 'دو بیگھہ زمین' جیسی بہترین فلمیں شامل ہیں۔
فلم 'ہم پنچھی ایک ڈال کے' میں ان کے کام کو لوگوں نے بے حد سراہا اور بھارت کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو نے بھی جگدیپ کی تعریف کی تھی، جگدیپ کے بیٹے جاوید جعفری اور نوید جعفری بھی کافی مقبول مزاحیہ اداکار اور ڈانسر ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ تین ماہ میں بالی ووڈ کی پانچ بڑی معروف شخصیات نے اس دنیا کو الوداع کہا ہے، اپریل میں عرفان خان اور رشی کپور کا انتقال ہو گیا تھا، اس کے بعد سشانت سنگھ راجپوت نے جون کے مہینے میں خودکشی کرلی تھی، رواں ماہ کے اواخر میں معروف کوریو گرافر سروج خان کا انتقال ہو گیا تھا۔