چندریان۔2 کو آج دن دو بجکر 43 منٹ پر دوبارہ لانچ کیا جائے گا۔
بھارتی خلائی تحقیقی ادارے اسرو نے 18 جوالائی کو سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے اعلان کیا تھا کہ اب 22 جولائی کو دن دو بجکر 43 منٹ پر دوبارہ چندریان۔2 کو لانچ کیا جائے گا۔
بھارت کے سب سے بڑے خلائی منصوبے چندریان۔2 کو عملی جامہ پہنانے میں اپنی خدمات پیش کرنے والے بھارتی خلائی تحقیقی ادارہ (اسرو) کے سائنسداں ڈاکٹر سید مقبول احمد کی ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ چندریان 2 پچھلے مشن سے 100 گنا زیادہ ایڈوانس ہے۔
اس سے قبل آندھراپردیش کے شری ہری کوٹا سے 15 جولائی کو پیر کی رات 2 بجکر 51 منٹ پر خلائی مشن چندریان 2 کو لانچ کیا جانے والا تھا، تاہم اسے تکنیکی خرابی کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا تھا۔
اس خبر نے وہاں میڈیا گیلری میں موجود صحافیوں میں ہلچل مچادی تھی۔ اس میڈیا گیلری میں نہ صرف ملک بلکہ دیگر ممالک کے صحافی بھی موجود تھے تاکہ اس ہائی پروفائل لانچ کا کوریج کیا
جاسکے۔
اسرو نے اس حوالے سے ٹویٹ میں کہا تھا کہ ٹی۔56 منٹ پر خلائی گاڑی میں تکنیکی خرابی محسوس کی گئی، اس لیے حفظ ما تقدم کے طور پر اسے ملتوی کر دیا گیا ہے اور اگلی تاریخ کا اعلان جلد ہی کردیا جائے گا۔
اسرو کے ترجمان نے یہ اعلان کیا تھا کہ الٹی گنتی کے موقع پر یہ تکنیکی خرابی محسوس کی گئی اور احتیاطی اقدام کے طور پر اس کی لانچنگ کو ملتوی کردیا گیا۔
رواں برس اپریل میں اسرائیل کے لونار کرافٹ نے چاند پر کریش لینڈنگ کی تھی۔ اسرائیل کے اس مشن کی ناکامی پر اسرو نے چندریان مشن کو اپریل سے جولائی تک ملتوی کر دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق پیر کے روز لانچنگ سے ٹھیک پہلے چندریان۔2 میں سائیکرو جینک فیول کو لوڈ کرنے کے دوران تکنیکی خرابی محسوس کی گئی تھی۔