ریاست اترپردیش کے ضلع علی گڑھ میں واقع معروف علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی معین الدین احمد آرٹ گیلری میں اسلامی خطاطی پر مبنی ایک تین روزہ آرٹ و کرافٹ نمائش "ذیل آرٹ" کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور کی اہلیہ اور نامور ماہر امراض اطفال ڈاکٹر حمیدہ طارق نے کیا۔ اس موقع پر ضلع کے سینیئر پولیس کپتان آکاش کلہاڑی کی اہلیہ ڈاکٹر سواستی راو کلہاڑی بطور مہمان اعزازی موجود رہیں۔
اس نمائش میں یونیورسٹی فائن آرٹس کلب کے علاوہ فائن آرٹس، یونانی میڈیسن، کامرس، انجینئرنگ، سمیت یونیورسٹی کے دیگر شعبہ کے طلبہ وطالبات کے ذریعے تیار کیے گئے خطاطی کے نمونوں کو شامل کیا گیا۔
یونیورسٹی کے کلچرل ایجوکیشن سنٹر (سی ای سی) کے کوآرڈینیٹر پروفیسر اجملی، پروفیسر ثمینہ خان شعبہ انگریزی، پروفیسر آفرینہ رضوی شعبہ ترسیل عامہ، پروفیسر رومانہ صدیقی چیئرپرسن شعبہ نفسیات، ڈاکٹر نسیم احمد خان چیئرمین شعبہ شوشل ورک، پروفیسر عبیداللہ فہد چیئرمین شعبہ اسلامی علوم، پروفیسر لطیف شاہ کاظمی شعبہ فلسفہ اور دیگر افراد نے خطاطی کے نمونوں کا مشاہدہ کیا اور انہیں سراہا۔
اس پروگرام کی فیکلٹی کوآرڈینیٹر ڈاکٹرسمیرا خانم، ارگنائزر ڈاکٹر اسماء کاظمی اور مسٹر محمد فاروق اشرف ہیں۔ نمائش کی انتظامی ٹیم میں یونیورسٹی فائن آرٹس کلب کے سیکرٹری میں مس رفا، زاہد، ذبا احمد، زینب چودھری، گلناز پروین، سمیہ، مسرت اور منہاز وغیرہ شامل ہیں۔