گذشتہ روز ممبئی میں کھیلے گئے آئی ایس ایل کے 5 ویں سیزن کے فائنل مقابلے میں ایکسٹرا ٹائم کے آخری لمحات میں ایف سی بنگلور نے واحد گول کر کے پہلی بار آئی ایل ایل چیمپیئن بن گئی ہے۔
گذشتہ برس بھی بنگلور کی ٹیم فائنل میں پہنچی تھی، لیکن اسے چینئی سے شکست کا سامنا کرناپڑا تھا لیکن اس بار اس فائنل میں کامیابی حاصل کر کے ہی دم لیا۔
میچ کے فل ٹائم میں دونوں ٹیمیں ایک بھی گول نہیں کرسکی تھی اور 90 منٹ کے کھیل کے بعد اسکور 0-0 سے برابری پر تھا۔ دونوں ٹیموں نے گول کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگایا لیکن ناکام رہے۔
90 منٹ مکمل ہونے کے بعد بھی نتیجہ نہی برآمد ہونے پر اضافی وقت دیا گیا۔
اضافی وقت میں دونوں ٹیموں نے مسلسل گول کرنے کی کوشش کی لیکن ناکامی ہاتھ آئی۔ تاہم بنگلور کی ٹیم نے ہار نہیں مانی اور آخری لمحات میں راہل بھیکے نے ہیڈر سے گول کر کے اسکور 0-1 کر دیا جو ایکسٹرا ٹائم ختم ہونے تک برقرار رہا۔ اور بنگلور نے فائنل مقابلہ جیت کر خطاب پر قبضہ کر لیا۔
فائنل مقابلے میں 90 منٹ تک 4 کھلاڑیوں کو یلو کارڈ ملا جن میں ایف سی گوا کے مرتدا سرجین فال اور احمد جاہوا کا نام شامل ہے، جبکہ بنگلور ایف سی کی جانب سے الیکس بریرا اور ڈیماس ڈیلگاڈو کو دوسرے ہاف میں یلو کارڈ ملا۔
میچ کے بعد راہل بھیکے نے کہا کہ 'اپنی ٹیم کے لیے فاتحانہ گول کر کے کافی خوش ہوں، میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ فائنل میں گول کر سکوں گا۔
انہوں نے کہا کہ پہلی بار خطاب جیت کر کھلاڑی بہت خوش ہیں کیوں کہ انہوں نے ایکسٹرا ٹائم میں بہت محنت کی۔
واضح رہے کہ اب تک آئی ایس ایل کے 5 سیزن ہو چکے ہیں جس میں اٹلیٹیکو ڈی کولکاتا اور چینئیئن نے دو، دو مربتہ خطاب جیتا ہے جبکہ اس مرتبہ بنگلور ایف سی نے بازی مار لی۔