ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ محض سعودی عرب ہی نہیں بلکہ پورا خطہ اور عالمی امن ایران کی وجہ سے خطرے سے دوچار ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ 14 ستمبر کو سعودی عرب میں حکومت کے زیر انتظام چلنے والی دنیا کی سب سے بڑی تیل کمپنی آرامکو کے دو پلانٹز پر ڈرون حملے ہوئے تھے، جس کا الزام ایران پر عائد کیا تھا۔
سعودی عرب میں تیل کی تنصیبات پر ڈرون حملوں اور اس کے نتیجے میں تیل کی پیداوار میں کمی کی وجہ سے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 19.5 فیصد تک کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
اسی ضمن میں سعودی عرب کی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے ایران کو حملوں کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ابتدائی تفتیش کے بعد پتہ چلتا ہے کہ تیل تنصیبات پر حملوں میں ایرانی ہتھیار استعمال کیے گئے۔
امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر نے ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلی فون پر ہوئی گفتگو میں سعودی تنصیبات پر حالیہ حملوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
امریکی وزیر دفاع نے تیل کی دو تنصیبات پر حملوں کے بارے میں واشنگٹن کے موقف سے آگاہ کیا۔
انہوں نے سعودی ولی عہد کو آرامکو کی تیل تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کے خلاف تمام ممکنہ 'آپشنز' بروئے کار لانے کا اشارہ دیا ہے۔
جبکہ دوسری جانب سعودی عرب کے وزرا کونسل کے اجلاس میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے واضح کیا کہ 'ریاض اپنی تنصیبات پر حملوں سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے'۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی آرامکو کی اہم تنصیبات پر حملے کو عالمی معیشت کو نشانہ بنانے کا مترادف قرار دیا ہے۔
سعودی عرب کے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان نے سعودی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان حملوں میں نہ صرف سعودی آرامکو کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے، بلکہ ان سے عالمی معیشت کو بھی ہدف بنایا گیا ہے۔
سعودی کابینہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سعودی عرب اپنے علاقے اور اہم تنصیبات کا دفاع کرے گا، خواہ حملوں کا منبع کوئی بھی ہو۔
گذشتہ روز عالمی منڈی میں کاروبار کے شروع ہوتے ہی خام تیل کے بیرل کی قیمت میں 19 فیصد اضافہ ہوا، اور وہ 71.95 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی تھی، اس کے علاوہ تیل کی قیمت کا دوسرا اہم پیمانہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت میں 15 فیصد اضافہ ہوا اور وہ 63.34 ڈالر تک پہنچ گئی۔