آئی پی ایس ایسو سی ایشن نے ٹویٹ کیا،’اشوک چکر یافتہ آئی پی ایس افسر آنجہانی ہیمنت کرکرے دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے ملک کی خاطر قربان ہوگئے تھے۔ ہم ایک امیدوار(سادھوی) کے تحقیر آمیز بیان کی مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ تمام شہیدوں کی قربانی کا احترام کیا جائے‘۔
سادھوی پرگیہ کا ایک ویڈیو آج سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں وہ مہاراشٹر اے ٹی ایس کے اس وقت کے سربراہ اور ممبئی دہشت گردانہ حملےمیں شہید ہونے والے آئی پی ایس ہیمنت کرکرے کو ’دیش دروہی‘ قرار دے رہی ہیں۔
تقریباً پونے دو منٹ کی ویڈیو میں سادھوی جمعرات کی دیر شام بھوپال میں پارٹی کارکنان سے خطاب کرتی نظر آرہی ہیں۔ وہ کسی تفتیشی کمیشن کا حوالہ دیتے ہوئے بتاتی ہیں کہ اس کے رکن نے مسٹر کرکرے کو بلاکر کہا تھا کہ اگر سادھوی کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے تو انھیں حراست میں رکھنا مناسب نہیں ہے۔ اس پر مسٹر کرکرے نے کہا تھا کہ وہ ثبوت کہیں سے بھی لائیں گے لیکن سادھوی کو نہیں چھوڑیں گے۔ سادھوی نے کہا کہ یہ ان کا مذہب کے خلاف اور غدارانہ کام تھا۔