قومی دارالحکومت دہلی میں وزیراعظم نریندر مودی نے آنے والے دنوں میں تہواروں، موسم سرما اور معیشت کی حالت کے پیش نظر عالمی وبا کوڈ-19 کے خلاف تحفظ کے لیے جمعرات کے روز ایک 'عوامی تحریک' کا آغاز کیا جس میں انہوں نے نعرہ دیا 'جب تک دوائی نہیں تب تک ڈھیلائی نہیں'
مسٹر مودی نے آج ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ 'آئیے کورونا سے لڑنے کے لیے متحد ہوں! ہمیشہ یاد رکھیں، ماسک پہنیں، اپنے ہاتھوں کو صاف رکھیں، سوشل ڈسٹنسنگ پر عمل کریں، دو گز کی دوری رکھیں'۔
ایک دیگر ٹویٹ میں وزیراعظم نے لکھا کہ 'ملک میں کووڈ-19 کے خلاف جنگ لوگوں کے ذریعے لڑی جارہی ہے اور ہمارے کورونا واریئرز کو اس سے بہت زیادہ طاقت ملتی ہے'۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'ہماری اجتماعی کوششوں سے بہت سی زندگیاں بچانے میں مدد ملی ہے، ہمیں اس لڑائی کو جاری رکھنا ہوگا اور ہمارے شہریوں کو وائرس سے بچانا ہوگا'۔
قبل ازیں اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر پرکاش جاؤڈیکر نے کہا تھا کہ کورونا سے دفاع کا ہتھیار ماسک پہننا، معاشرتی فاصلے پر عمل کرنا اور بار بار ہاتھ دھونا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس اصول کے بعد عوامی مقامات پر ان اقدامات کے بارے میں بیداری پھیلانے کی مہم چلائی جائے گی۔