بھارتی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس۔جے شنکر نے اپنی دو روزہ دورے پر خلیجی ملک قطر میں کہا کہ' وزیراعظم نریندرمودی 'خودکفیل بھارت مہم' کو عالمی سطح پر لے جانے میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے اپنے قطری ہم منصب کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت کو بڑھانے پر تفصیل سے بات چیت کی۔
میٹنگ میں جے شنکر نے قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم الثانی سے دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بات چیت کی۔ اس کے بعد انہوں نے قطرنیشنل میوزیم کا بھی دورہ کیا۔
ڈاکٹر ایس۔ جے شنکر کے اس دورے کے سلسلے میں وزارت خارجہ کی طرف سے ایک بیان بھی جاری کیا گیا۔ جس میں کہا گیا کہ' بطور وزیرخارجہ ایس جے شنکر کا یہ پہلا قطر کا دورہ ہے، جس کی ابتدا انہوں نے گول میز کانفرنس سے کی، اس دوران انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور شراکت داری کو مضبوط کرنے کے عزم کے سلسلے میں وہاں کے کاروباریوں کی تعریف کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ' بھارت اب خودکفالت کے راستے پر تیزی سے بڑھ رہاہے۔ اس لئے وہاں سرمایہ کرکے آپسی رشتوں کو مضبوط کیا جاسکتا ہے اور فائدہ اٹھایاجاسکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے قطر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریل (کیو سی سی آئی) اور قطر بزنس ایسوسی ایشن (کیو بی اے) کے چیئرمین شیخ خلیفہ اور شیخ فیصل سے ملاقات کرکے ان کا شکریہ ادا کیا۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب میں خاتون کارکن کو پانچ برس قید کی سزا
واضح رہے کہ بھارت اور قطر کے تعلقات بہت قریبی ہیں۔ دونوں ممالک کے مابین مضبوط معاشی، ثقافتی اور شہری سطح پر رشتے ہیں۔ سات لاکھ سے زیادہ بھارتی وہاں کام کرتے ہیں۔ جو وہاں کی ترقی میں اہم رول ادا کررہے ہیں۔ 20-2019 میں دونوں ممالک کے درمیان 10.95 بلین ڈالر (80 ہزار کروڑ) روپے کی تجارت ہوئی۔