اقوام متحدہ میں بھارت کے مستقل نمائندے ٹی ایس تیرو مورتی نے بتایا ہے کہ 'خواتین کی حیثیت سے متعلق اقوام متحدہ کی ایک ذیلی باڈی معاشی اور سماجی کونسل (ای سی او ایس او سی) کے رکن کے طور پر بھارت کو منتخب کیا گیا ہے'۔
ٹویٹر پر مورتی نے کہا 'بھارت اقوام متحدہ کی کمیشن برائے خواتین یعنی ای سی او ایس او سی باڈی میں اپنی نشست جیت چکا ہے!'۔
انھوں نے کہا ہے کہ 'اسٹیٹس آف ویمن (سی ایس ڈبلیو) کمیشن کا رکن منتخب ہونا بھارت اور یہاں کی خواتین کے لیے فخر کی بات ہے'۔
ٹی ایس تیرو مورتی نے لکھا ہے کہ 'یہ ہماری تمام کوششوں میں صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے کے ہمارے عزم کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔ تمام رکن ممالک کا بےحد شکریہ!'
واضح رہے کہ بھارت، افغانستان اور چین نے اسٹیٹس آف ویمن کے انتخابات لڑے تھے۔ جس میں بھارت اور افغانستان کو 54 رکن ممالک کی حمایت حاصل ہوئی، جب کہ چین کو پہلے ہی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ رواں برس خواتین پر مشہور بیجنگ ورلڈ کانفرنس (1995) کے 25 برس مکمل ہورہے ہیں۔
اس انتخابات میں بھارت 2021 سے 2025 تک خواتین کی حیثیت سے متعلق اقوام متحدہ کے کمیشن کا رکن رہے گا۔