ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 886 کورونا متاثرہ افراد کی اموات کے درمیان اوسط کورونا شرح اموات 2.05 فیصد ہو گئی ہے۔
صحت اور خاندانی فلاح و بہبود کی وزارت کی جانب سے جمعرات کو جاری اعداد و شمار کے مطابق چھ اگست کو پورے ملک میں 886 کورونا متاثرین کی موت ہو گئی جس سے اب تک اس وائرس کے سبب ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 41,585 ہو گئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ 316 کورونا متاثرین نے مہاراشٹر میں دم توڑ دیا۔ علاوہ ازیں تملناڈو 110، کرناٹک میں 93، آندھرا پردیش میں 72، مغربی بنگال میں 56، اترپردیش میں 61، پنجاب میں 26، گجرات میں 27، مدھیہ پردیش میں 17، راجستھان میں 12، تلنگانہ میں 12، دہلی میں 15، جموں و کشمیر 10 کورونا متاثرہ افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
چھ اگست کو اینڈمان نیکوبار، آسام، بہار، چھتیس گڑھ، گوا، ہریانہ، جھارکھنڈ، کیرالا، منی پور، پدوچیری اور تریپورہ میں 10سے کم تعداد میں کورونا متاثرین کی موت ہوئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں اروناچل پردیش، دادر ناگر حویلی اور دمن دیو، ہماچل پردیش، لداخ، منی پور، میگھالیہ اور سکم میں کورونا سے ایک بھی موت واقع نہیں ہوئی۔ پورے ملک میں محض میزورم ہی واحد ریاست ہے جہاں ایک بھی کورونا متاثر کی موت نہیں ہوئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس سے 20لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 13لاکھ سے زائد افراد صحت بھی ہو چکے ہیں۔ پورے ملک میں اس وقت انفیکشن کے سرگرم معاملے 6,07,384 ہیں۔