معروف عالم دین مولانا نظام الدین برکاتی نے کہا ہے کہ 'رمضان المبارک برکتوں والا مہینہ ہے، اس ماہ کی عظمت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ قرآن مقدس کا نزول اسی مہینے میں ہوا'۔
انہوں نے رمضان مبارک کی فضیلت اور اس کے تقاضے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا ہے کہ 'اللہ تعالی نے اس ماہ مبارک کی اپنی طرف خاص نسبت فرمائی ہے۔ رمضان کا پہلا عشرہ رحمت دوسراعشرہ مغفرت اور تیسرا عشرہ جہنم کی آگ سے نجات کا ہے'۔
مولانا نظام الدین برکاتی خطیب و امام مسجد صدر دروازہ یاد گیر نے بتایا ہے کہ 'جب رمضان المبارک کا چاند نظر آتا ہے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے کہ یہ چاند خیر و برکت کا ہے یہ چاند خیر و برکت کا ہے'۔
انھوں نے کہا ہے کہ 'یا اللہ ہمیں اس بابرکت مہینے میں اپنے آس پاس موجود غریبوں کا سہارابننے ، یتیموں کی مدد کرنے، نیک کام کرنے اور برائیوں سے دور رہنے نیز سچے دل سے اپنے گناہوں سے توبہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے'۔