ملک میں کورونا وائرس سے بچنے کے لئے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے باوجود انفیکشن کے معاملات بڑھتے جارہے ہیں۔ ایسی صورتحال میں جب کورونا انفیکشن کے لئے کوئی دوا موجود نہیں ہے تو متاثرہ شخص کی شناخت ہی ایک واحد آپشن ہے۔ اس کو دھیان میں رکھتے ہوئے آئی آئی ٹی دہلی کے تمام منصوبوں کا مرکز ایسے آلات بنانا ہے جس سے کووڈ-19 انفیکشن کا پتہ چل سکے۔ آئی آئی ٹی دہلی کو اس منصوبے کے لئے مائیکروسافٹ انڈیا کی مالی اعانت حاصل ہوگی۔
کورونا وبا کے خلاف جنگ میں آئی آئی ٹی دہلی میں مستقل تحقیق جاری ہے۔ اس تناظر میں اب اس کا بنیادی مقصد ایک ایسی تکنیک تیار کرنا ہے جو لوگوں میں کورونا انفیکشن کا پتہ شروعات میں ہی لگائے۔ آئی آئی ٹی دہلی فی الحال دو منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ جس کے تحت کُسُم اسکول آف بایولوجیکل سائنسز کے محققین نے ایک پوب فری ٹیکنالوجی تشکیل دی ہے، جس میں کم قیمت پر بہتر جانچ کے نتائج دینے کی صلاحیت موجود ہے۔ اسے آئی سی ایم آر سے بھی پہچان ملی ہے۔
اسی کے ساتھ ہی دوسرے پروجیکٹ کے تحت آئی آئی ٹی دہلی نیشنل کیمیکل لیبارٹری، پونے کے ساتھ مل کر ایسی ایلیسا پر مبنی تشخیصی سیرولوجیکل کٹس بنانے پر کام کررہی ہے جو اگر کامیاب ہو جاتی ہے تو ایلیسا میں استعمال ہونے والے اینٹیجن پیدا کرے گی جو کورونا کو کنٹرول کرنے میں ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔
مائیکرو سافٹ انڈیا کمپنی آئی آئی ٹی کے ان دونوں منصوبوں کو مالی اعانت دینے کے لئے آگے آئی ہے۔ مائیکروسافٹ انڈیا کی قومی تکنیکی افسر روہینی سریواستو نے کہا کہ ہم یہ یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ محققین کو کورونا کو شکست دینے کے لئے جو بھی وسائل درکار ہیں انہیں مہیا کیا جاسکتا ہے۔
اس دوران آئی آئی ٹی دہلی کے ڈائریکٹر پروفیسر وی رام گوپال راؤ نے مائیکرو سافٹ انڈیا کی مدد کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مائیکروسافٹ انڈیا تحقیقاتی کام کو مزید بہتر بنانے کے لئے ہمیشہ آئی آئی ٹی دہلی کے ساتھ ہوتا ہے۔ پروفیسر راؤ نے کہا کہ یہ پتہ لگانے والی کٹ کووڈ-19 کو روکنے میں بہت کارآمد ثابت ہوگی۔