کالے رنگ کی جیکٹ، ہلکا پیلا رنگ کا کرتا اور سفید پاجامے میں ملبوس جیسے ہی مودی اسٹیج پر پہنچے تمام امریکی رہنماؤں نے کھڑے ہوکر تالیوں سے ان کا استقبال کیا۔
مودی کی آمد پر اسٹیڈیم میں موجود ہر شخص جھوم اٹھا اور اسٹیڈیم مودی مودی کے نعروں سے گونج اٹھا۔
نریندر مودی نے اپنے خطاب کا آغاز گڈ مارننگ ہوسٹن، گڈ مارننگ ٹیکساس، گڈ مارننگ امریکہ سے کیا۔
مودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ٹرمپ کسی تعارف کے محتاج نہیں ہیں، اربوں لوگ ٹرمپ کو فالو کرتے ہیں، دنیا کی سیاست میں ٹرمپ کا بڑا وجود ہے اور مجھے ٹرمپ میں ہمیشہ اپنا پن لگتا ہے، اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ 'اب کی بار ٹرمپ کی سرکار'۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج دو بڑی جمہوریت کی دوستی کا دن ہے، پوری دنیا آج تاریخ بنتے ہوئے دیکھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت امریکہ کے تعلقات بہت اچھے ہیں اور ہم سچے دوست ہیں۔
اس کے علاوہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ نریندر مودی بھارت میں بہت اچھا کام کر رہے ہیں اور میں اس تاریخی پروگرام میں آکر بہت خوش ہوں۔
ٹرمپ نے لوک سبھا انتخابات میں مودی کو ملی جیت پر مبارکباد بھی پیش کی اور کہا کہ میری خوش قسمتی ہے کہ میں وزیر اعظم مودی کے ساتھ ہوں۔
ٹرمپ نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ مودی کے دور اقتدار میں دنیا بھارت کو ایک مضبوط ملک کے طور پر دیکھ رہی ہے اور مودی کی قیادت میں بھارت مضبوط ہو رہا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کا آئین 'وی دی پیپل' سے شروع ہوتا ہے اور مودی کے راج میں 30 کروڑ لوگ غربت سے باہر آئے۔
اس سے قبل نریندر مودی نے تمام امریکی رہنماؤں سے ہاتھ ملاکر ملاقات کی، عوام کا ہاتھ جوڑ کر شکریہ ادا کی۔
ہوسٹن کے میئر نے مودی کو اعزازی ہوسٹن شہر کی چابی سونپی، میری لینڈ کے امریکی رہنما اسٹینی ہویر نے مودی کا رسمی طور پر استقبال کیا۔
اس کے بعد بابائے قوم گاندھی کی 150 ویں جینتی کے تئیں دونوں ممالک کے نوجوان فنکاروں کی ایک ٹیم نے گاندھی جی کا پسندیدہ بھجن پیش کیا، بعد ازاں امریکی ڈانس آرٹسٹ نے گاندھی جی کے پسندیدہ بھجن کی دھن پر کتھک رقص پیش کیا۔
اسٹیج پر لگے بڑے اسکرین پر بھارت اور امریکہ کے پرچم نظر آرہے تھے، یہ پہلا موقع تھا جب اس طرح کے کسی پروگرام میں امریکی صدر اور مودی ایک اسٹیج سے 50 ہزار سے بھی زیادہ بھارتی اور امریکی باشندوں سے مخاطب ہوئے۔
قبل ازیں مودی کے ہوسٹن پہنچتے ہی ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹ کیا تھا کہ ’ہوسٹن میں اپنے دوست کے ساتھ رہوں گا، یہ ٹیکساس کے لیے بے حد اہم دن ہوگا۔
اس ٹویٹ کو پی ایم او (پرائم منسٹر آفس) نے فوراً ری ٹویٹ کرکے ٹرمپ کی خیر سگالی کا گرمجوشی سے خیر مقدم کیاجبکہ مودی نےجواب دیا کہ 'بے شک یہ بے حد اہم دن ہوگا، آپ سے بہت جلد ملنے کو بے تاب ہوں‘۔