بہار کے ضلع ارریہ کے فاربس گنج ہلاک کے وارڈ نمبر 22 میں آگ لگنے کی وجہ سے گھر سمیت گھر میں موجود فرنیچر، کپڑے، زیورات سمیت تقریباً پچاس ہزار روپے نقد جل کر راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئے۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ مذکورہ روپے و ساز و سامان لڑکی کی شادی کے لیے خریدے گئے تھے جو آتشزدگی میں جل کر خاکستر ہوگئے، اس کے علاوہ گھر میں موجود پانچ بکریوں کے جل کر ہلاک ہونے کی بھی خبر ہے۔
اس حادثے کی متاثرہ حسینہ خاتون جو بیوہ ہیں، یہاں وہ اپنی تین بیٹیوں کے ساتھ رہتی ہیں اور گھر میں ہی چھوٹی موٹی دکان چلاکر اپنی بچیوں کی پرورش کرتی ہے۔
واقعہ کے تعلق سے کہا جا رہا ہے کہ رات کھانا بنانے کے دوران اچانک سلنڈر میں آگ لگ گئی جس کے بعد آنا فاناً سبھی لوگ گھر سے باہر نکل کر شور مچانے لگے۔
شور سن کر مقامی لوگ موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کی کوشش میں لگ گئے لیکن تب سلنڈر میں دھماکہ ہوا اور پورے گھر کا سامان جل کر خاک ہوگیا۔
اطلاع دینے کے بعد بھی فائر بریگیڈ کی گاڑی تاخیر سے موقع پر پہنچی اور اس وقت تک آگ پر مقامی لوگوں نے قابو پالیا تھا۔
شادی کے گھر میں آگ لگنے کا واقعہ اور بیٹی کی شادی کے لیے اکٹھا کیے گئے سامان برباد ہوجانے سے متاثرہ حسینہ خاتون کا رو رو کر برا حال ہے، پڑوس کے لوگ انھیں تسلی دے رہے ہیں لیکن اب ان کے سامنے گھر کا مسئلہ بھی کھڑا ہوگیا ہے۔