رامائن، گیتا، وید اور اوپنشد ہندوؤں کی مقدس مذہبی کتابیں ہیں۔ بنیادی طور پر یہ کتابیں سنسکرت زبان میں ہیں، تاہم ان کتابوں کے نسخے ہندی ترجمے کے علاوہ دیگر زبانوں میں بھی دستیباب ہیں۔
وہیں ہندووں کی مذہبی کتابوں کے نسخوں کا اردو زبان میں پایا جانا قدرے محال تصور کیا جاتا ہے۔ تاہم ان کتابوں کے قدیم اردو ترجمے اتر پردیش کے ضلع میرٹھ میں موجود ہیں۔
شریمد بھاگوت گیتا اور جوگ بششٹھ جیسی ہندو مذہبی گرنتھوں کا 100 سالہ قدیم نسخہ میرٹھ کے منصبیہ عربی کالج کی لائبریری میں موجود ہے۔
ہندو گرنتھ اور اس جیسی دیگر قدیم نایاب کتابوں کو محفوظ کرنے کے لئے کالج انتظامیہ کی جانب سے اب اس کا ڈیجیٹل فارمیٹ بھی تیار کرایا جارہا ہے۔
کالج کی لائبریری میں نصاب کی کتابوں کے علاوہ دیگر مذاہب اور مکتب فکر کی دس ہزار سے زائد کتابوں کا ذخیرہ ہے، تاہم دیگر مذہبی کتابوں کی وہ قدیم اور نایاب نسخے خاص طور پر قابل ذکر ہیں جو اردو رسم الخط میں موجود ہیں۔
منشی نولکشور پریس سے سنہ 1895 میں شائع کی گئی شریمد بھاگوت گیتا موجود ہے۔ اس کے ساتھ ہی لائبریری میں مہابھارت سنہ 1919 میں شائع کی گئی تھی، جس کا ایک نسخہ عربی کالج کی اس لائبریری میں موجود ہے اس کے علاوہ سنسکرت کتابوں کے نادر و نایاب نسخے بھی موجود ہیں۔
نصاب تعلیم، اسلامی معلومات، حدیث اور فقہ کی کتابوں کے علاوہ کالج کے طلباء ان نادر کتابوں سے بھی استفادہ کر رہے ہیں۔