کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے مرکز کی نریندر مودی حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے گزشتہ چار ماہ میں دو کروڑ سے زائد افراد نوکریوں سے محروم ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے ان کنبوں کے سامنے ایک سنگین بحران پیدا ہوگیا ہے۔
راہل گاندھی نے کہا ہے کہ 'گزشتہ چار مہینوں میں تقریباً دو کروڑ افراد نے نوکریاں گنوائی ہیں۔ دو کروڑ خاندانوں کا مستقبل تاریک ہوا ہے'۔
انہوں نے کہا ہے کہ 'فیس بک پر جھوٹی خبریں اور نفرت پھیلانے سے ملک سے بے روزگاری اور معیشت کی تباہی کو چھپایا نہیں جاسکتا'۔
کانگریس کے شعبہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے اس سلسلے میں تفصیلی اعداد و شمار پیش کیا۔
رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا ہے کہ 'اب سچائی جگ ظاہر ہے۔ صرف اپریل جولائی 2020 میں 1،90،00،000 نوکری پیشہ افراد کی نوکری گئی۔ صرف جولائی کے مہینے میں 50،00،000 نوکریاں گئیں۔ کھیتی باڑی اور کنسٹریکشن میں 41،00،000 نوکریاں گئیں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ 'مجموعی 14،00،00،000 سے زائد نوکریاں گئی ہیں۔ بی جے پی نے ملک کی روزی روٹی پر گہن لگا دیا ہے'۔