ریاست اترپردیش کے شہر رامپور میں تھانہ کوتوالی پولیس نے عالم نامی ایک شخص پر حملہ کرنے والے چار ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے گذشتہ 13 اکتوبر کو عالم پر جان سے مارنے کی نیت سے حملہ کر دیا تھا جس سے وہ شدید طور پر زخمی ہو گئے تھے۔
اس سلسلے میں دفعہ 307 کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
اس سے متعلق تھانہ کوتوالی میں دفعہ 307 کے تحت نامعلوم کے خلاف معاملہ درج ہوا تھا۔ آج تھانہ کوتوالی پولیس نے اطلاع کی بنیاد پر چار لوگوں کو توپخانہ گیٹ کے پاس سے گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے واردات میں استعمال کی گئی موٹر سائیکل اور طمنچے، دو زندہ کارتوس برآمد کئے ہیں۔
گرفتار ملزمین کے نام سوریہ پرکاش عرف روہت، چندر پرکاش، سونو عرف بٹو اور بنواری لال کشیپ بتائے گئے ہیں۔
پوچھ گچھ کے دوران سونو اور بٹو نے بتایا کہ 'مجھے کہیں سے جانکاری ملی کہ ومل جالان گورنر کے دستخط والے سنہ 2002 کے پانچ سو روپے کے کم از کم 6 نوٹ سے تنتر عمل کرنے سے نئے نوٹوں کی چمتکاری طور پر بارش ہوگی۔ یہی بات میں نے اپنے دوستوں کو بتائی اور لالچ میں آکر سبھی آپس میں اس کام میں لگ گئے اور لوگوں سے رابطہ کرنے لگے۔ اسی دوران ہماری ملاقات رامپور کے ساکن عالم نامی شخص سے ہوئی۔ عالم نے ہمیں لال کلاں پر پرانی کرنسی کے پانچ سو روپے کے 6 نوٹ دکھائے تھے۔ نوٹوں پر جعلی ومل جان کے دستخط سے متعلق ہماری عالم سے کہا سنی ہو گئی تھی۔ اس کے بعد عالم موٹر سائیکل سے اپنے گھر شہر کی طرف چلا گیا۔ہمیں یہ ڈر تھا کہ کہی وہ ہمارے بارے میں پولیس کو نہ بتا دے، اسی لئے ہم نے اس کا تعاقب کرکے بینظیر کے پاس عالم پر فائرنگ کی، جس سے وہ زخمی ہو گیا تھا'۔
اس سلسلہ میں چاروں ملزمین کے خلاف مختلف دفعات کے تحت معاملہ درج کرلیا گیا ہے۔