کہتے ہیں کہ 'جس کو خدا رکھے اسے کون چکھے' اتر پردیش کے ضلع بریلی میں ایسا ہی ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا ہے۔
در اصل شہر کے سی بی گنج علاقے کے ہِتیش کُمار کی اہلیہ کو قبل از وقت ایک مردہ بچی کی پیدائش ہوئی تھی، بچی کو دفنانے کے دوران ہتیش کو مٹکے میں بند ایک دوسری زندہ دفنائی گئی بچی دریافت ہوگئی۔
ہتیش نے شمشان سے بچی کو اٹھایا اور بچی کی سانسیں چلتی دیکھ ہِتیش کی آنکھیں بھر آئیں۔ انہوں نے بچی کو سینے سے لگایا، اور جلدی سے دودھ کا انتظام کیا، کاٹن سے بچی کو دودھ پلایا۔ فوری طور پر ایمبولینس کی مدد سے بچی کو ہسپتال میں داخل کرا دیا۔
فی الحال بچی موت اور زندگی کے درمیان جد و جہد کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں پولیس انتظامیہ کی جانب سے بچی کے والدین کا پتہ لگانے کی کوشش جاری ہے۔