تلنگانہ میں حفظان صحت کے لئے 'ہر اتوار دس بجے دس منٹ صفائی' کے لیے خصوصی اہتمام کیا جارہا ہے۔
تلنگانہ کے وزیر بلدی نظم ونسق کے تارک راما راو کی جانب سے اس مہم کے ساتویں ہفتہ کے موقع پر بھی بہتر ردعمل دیکھاگیا۔
تارک راما راونے ریاست کے شہری علاقوں میں موسمی امراض کی روک تھام کے لئے بروقت اقدام کے طورپر یہ مہم شروع کیا۔
وزیر آبکاری سرینواس گوڑ نے اس پروگرام میں سرگرمی کے ساتھ حصہ لیا۔ اس موقع پر وزیر موصوف نے کہا کہ 'مچھروں سے ہونے والی بیماریوں کی روک تھام کے لئے وزیر تارک راما کی اپیل پر ان کے محکمہ کی جانب سے بیداری پیدا کی جارہی ہے'۔
انہوں نے اس پروگرام میں ہر کسی کو حصہ لیتے ہوئے اس کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔
انہوں نے اطراف واکناف حفظان صحت کی برقراری کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
اس پروگرام کا مقصد پانی کے جمع ہونے کے تمام مقامات کی صفائی کے ذریعہ موسمی بخار کوروکنے کے لئے عوامی شراکت کو یقینی بنانا ہے۔
تارک راما راو نے تمام منتخبہ عوامی نمائندوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے متعلقہ مکانات میں صفائی کے کام انجام دیں اور غیرضروری جمع پانی کی نکاسی کا کام انجام دیں۔
راو جو تلنگانہ کی حکمران جماعت ٹی آرایس کے کارگذارصدر و وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کے فرزند بھی ہیں نے اپنے اس پروگرام کے ذریعہ عوام سے اپیل کی کہ وہ متعلقہ بلدیات اور کارپوریشنس میں تعاون کریں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ آنے والے موسم برسات کے دوران کسی بھی قسم کے موسمی امراض پھوٹ نہ پڑیں۔
راو نے عوام پرزور دیا کہ 'وہ اپنے گھروں کے غیر محفوظ مقامات پر جمع پانی کی نکاسی کا کام کریں۔ یہ عمل ہر فرد ہر اتوار کو دس منٹ کے لئے دس ہفتوں تک کرے'۔