خبر کے مطابق اتوار کے دن دوسرے سیشن کے کھیل کے دوران سراج کو باؤنڈری کے قریب متعین کیا گیا تو شائقین نے ان پر نسلی تبصرہ کیا۔ سراج نے فوری طور پر کیپٹن اجنکیا رہانے سے رجوع کیا اور انہیں اس بارے میں آگاہ کیا۔
معاملے کی سنگینی کو دیکھ کر کپتان نے امپائر پال رافیل کو اس بارے میں بتایا۔ پال نے میچ ریفری کو بغیر کسی تاخیر کے مطلع کیا اور پھر میچ ریفری نے سیکیورٹی اہلکاروں کو بتایا کہ کسی نے اسٹینڈ سے سراج کے خلاف نسلی تعصب پر مبنی چھینٹا کشی کی۔ سراج کے مطابق آواز آنے والی جگہ کا سیکیورٹی اہلکاروں نے معائنہ کیا۔ بہت سے لوگوں سے پوچھ گچھ کی گئی اور پھر چار پانچ افراد کو لے کر پولیس اسٹینڈ سے باہر چلی گئی۔ اس واقعے کی وجہ سے کھیل تقریباً 10 منٹ کے لئے رک گیا۔
اس سے قبل ہفتے کے روز ہی ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے عہدیداروں نے شکایت کی تھی کہ تماشائیوں نے سراج اور جسپریت بمراہ پر نسلی تبصرے کیے تھے۔ تیسرے دن کے کھیل کے اختتام کے بعد آئی سی سی انتظامیہ اور اسٹیڈیم کے حفاظتی اہلکاروں نے بمراہ اور سراج کے ساتھ تفصیلی گفتگو کی۔ اس دوران بھارتی ٹیم مینجمنٹ کے ممبران بھی ان کے ساتھ تھے۔ ٹیم کے کپتان اجنکیا رہانے بھی سیکیورٹی عہدیداروں سے بات کرتے ہوئے دکھائے گئے۔
واضح رہے کہ سنیچر کے روز بھارتی کرکٹ ٹیم کے عہدیداروں نے شکایت کی تھی کہ تماشائیوں نے سراج اور جسپریت بمراہ پر نسلی تبصرے کیے تھے۔ آج ایک بار پھر شائقین نے سراج پر تبصرہ کیا۔