کیرالہ میں سنہ 2018 میں آئے زبردست سیلاب کے متاثرین کو امداد کے تحت راموجی گروپ کی جانب سے 121 گھر فراہم کیے جائیں گے۔ کیرالہ حکومت کے بعد یہ دوسرا بڑا پروجکٹ ہے جس کے تحت اتنے سارے گھر متاثرین کو فراہم کیے جارہے ہیں۔
اس پروجکٹ کی تکمیل کا دورانیہ ایک سال رکھا گیا تھا لیکن اسے 8 ماہ کے عرصہ میں مکمل کرلیا گیا۔ الپوزہ ڈویژن کے سب کلکٹر وی آر کرشنا تیجا کی نگرانی میں یہ پروجکٹ پایہ تکمیل کو پہنچایا گیا جس میں زمین کی نشاندہی سے لے کر مکان کی تعمیر تک شامل ہے۔
ان گھروں کی بنیادوں کو زمین سے ڈیڑھ میٹر اونچا رکھا گیا ہے تا کہ دوبارہ طوفان ان گھروں کو نقصان نہ پہنچا سکے۔ الپوزہ ایک سیلاب سے متاثرہ علاقہ تصور کیا جاتا ہے۔ اس علاقہ میں پچھلے سال سیلاب سے زبردست تباہی ہوئی تھی۔
کدمبسری جو ایک خواتین کی مدد کرنے والا ادارہ ہے، نے اس پروجکٹ کی ذمہ داری لیتے ہوئے اسے ایک مقررہ وقت کے اندر پورا کردیا اور وہ بھی بہت ہی کم قیمت میں۔ ان کم قیمتوں میں کوالٹی کے ساتھ کوئی سودا نہیں کیا گیا۔
پہلے یہاں 116 گھروں کی تعمیر کا منصوبہ بنایا گیا تھا لیکن کدمبسری نے لاگت کو کم کرتے ہوئے اس میں مزید پانچ گھروں کا اضافہ کردیا اور اس کی تعداد کو 121 تک پہنچا دیا۔
تمام پروجکٹ کا تخمینہ 7.77 کروڑ روپئے مقرر کیا گیا تھا۔ کدمبسری کو وزیراعلی پنارائی وجین کی ہدایت پر چنا گیا تھا۔ کثیر الاشاعت تلگو اخبار ایناڈو اور راموجی گروپ نے اپنے قارئین اور ملازمین سے جو پوری دنیا میں پھیلے ہوئے ہوئے ہیں، اس پراجکٹ کی تکمیل کے لیے رقومات اکھٹی کی تھی۔
ایناڈو ۔ راموجی گروپ اس سے قبل بھی اس طرح کے انسان دوست پروجکٹس کا حصہ بن چکا ہے۔ گروپ نے گجرات کے کچھ میں زلزلزلہ کے متاثرین کے علاوہ اڑیسہ میں سیلاب اور طوفان کے وقت بھی مدد کی تھی۔ اس کے علاوہ تمل ناڈو کی سونامی اور آندھرا پردیش کے ہد ہد طوفان کے علاوہ کرشنا اور گوداوری دریاؤں میں طوفان کے وقت بھی مدد کی تھی۔
یہ راموجی گروپ کی طرف سے دسواں پروجکٹ تھا جو مدد کا ایک حصہ تھا۔
وزیر اعلی پنرائی وجین ایک تقریب کے دوران ان مکانات کی کنجیاں مستحقین کے حوالے کریں گے۔ اس موقع پر ایناڈو کے منیجنگ ڈائرکٹر سی ایچ کرن، منیجنگ ڈائرکٹر مارگا درشی، چٹ فنڈ شیلجا کرن، کیرالہ کے وزیر خزانہ جی سدھاکرن کے علاوہ دیگر بھی موجود رہیں گے۔