دہلی اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن نے اپنے سابق صدر ارون جیٹلی کی یاد میں فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم کا نام بدل کر اب ارون جیٹلی اسٹیڈیم نام رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم گراؤنڈ کا نام فیروز شاہ کوٹلہ ہی رہے گا۔
دہلی اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے موجودہ صدر رجت شرما نے اس تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔
رجت شرما نے اس موقع پر کہا کہ ارون جیٹلی کی حمایت کی ہی وجہ سے وراٹ کوہلی، ویریندر سہواگ، گوتم گمبھیر، آشیش نہرا، ریشبھ پنت جیسے کھلاڑیوں نے یبن الاقوامی سطح پر بھارت کی نمائندگی کی۔
دہلی اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدرنے کہا کہ 'فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم کو ارون جیٹلی کے نام منسوب کرنا انھیں بہترین خراج تحسین پیش کرنا ہے کیوںکہ جیٹلی نے اپنے عہدۂ صدارت کے دوران اسٹیڈیم کو جدید سہولیات سے لیس کرانے اور اس کی تنظیم نو میں اہم کردار ادا کیا۔'
سابق مرکزی وزیر آنجہانی ارون جیٹلی سنہ 1999 سے سنہ 2013 تک دہلی اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر تھے۔ جیٹلی نے اپنے دہلی اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے دوران اسٹیڈیم کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
آئندہ 12 ستمبر کو جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم میں ایک تقریب کے دوران باضابطہ اس تبدیلی کا اعلان کیا جائے گا۔ امید کی جا رہی ہے کہ اس تقریب میں مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ اور مرکزی وزیر برائے کھیل کرن رجیجو بھی موجود ہوں گے۔
واضح رہے کہ ارون جیٹلی بھارتی کرکٹ ایڈمنسٹریٹر کے علاوہ دہلی اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (ڈی ڈی سی اے) کے صدر کا عہدہ بھی سنبھال چکے ہیں، جبکہ وہ بی سی سی آئی کے سابق نائب صدر اور آئی پی ایل آپریشن کونسل کے سابق رکن تھے۔
فیروز شاہ کوٹلہ گراؤنڈ کی بنیاد سنہ 1883 میں ڈالی گئی تھی جبکہ کولکاتا کے ایڈن گارڈن گراؤنڈ کے بعد یہ بھارت کو دوسرا سب سے قدیم اسٹیڈیم ہے۔
فیروز شاہ کوٹلہ گراؤنڈ پر پہلا ٹیسٹ میچ 10 نومبر سنہ 1948 میں بھارت اور ویسٹ انڈیز کے مابین کھیلا گیا تھا۔
اس اسٹیڈیم میں متعدد ریکارڈز بنے ہیں جس میں سنیل گواسکر نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 29 ویں سنچری بنا کر کرکٹ کی دنیا کے عظیم بلے باز سر ڈان بریڈ مین کے ریکارڈ کی برابری کی تھی جبکہ بھارت کے عظیم اسپنر انیک کمبلے نے ٹیسٹ میچ کی ایک اننگ میں تمام دس وکٹیں لینے کا ریکارڈ بھی اسی میدان پر بنایا تھا۔
اس کے علاوہ ماسٹر بلاسٹر سچن تیندولکر نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں اپنی 35 ویں سنچری بنائی تھی اور سنیل گواسکر کا ریکارڈ توڑ کر ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچری بنانے کا ریکارڈ بھی اسی میدان پر بنایا تھا۔