پرکاش سنگھ بادل نے کہا کہ 'ہمارے ملک کے آئین میں تین چیزیں لکھی گئی ہیں۔ سیکولرازم، سوشلزم اور جمہوریت، یہاں نہ تو سیکولرزم ہے اور نہ ہی سوشلزم۔'
انہوں نے کہا کہ 'امیر مزید امیر ہوتا جارہا ہے، غریب، اور غریب ہوتا جا رہا ہے، جمہوریت بھی صرف دو سطحوں پر بچ گئی ہے، ایک لوک سبھا انتخابات اور دوسری ریاستی انتخابات'۔
قبل ازیں سابق وزیر اعظم اندر کمار گجرال کے بیٹا اور اکالی دل کے رہنما نریش گجرال نے دہلی پولیس کی بے حسی پر سوال اٹھایا تھا، انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو خط لکھ کر کہا تھا کہ 'ہر بار اقلیتوں کو ہی تشدد میں نشانہ بنایا جانا بدقسمتی کی بات ہے'۔
نریش گجرال نے وزیر داخلہ کو لکھے گئے مکتوب میں کہا کہ 'میں 1984 کو دوبارہ سے ہوتا ہوا نہیں دیکھنا چاہتا ہوں، مجھے دہلی والا ہونے پر فخر ہے، گزشتہ بار یہ سکھ تھے اور اس بار یہ مسلمان ہیں، بدقسمتی سے ہر بار اقلیتی برادری ہی حملے کی زد میں ہے، 1984 میں سکھ مخالف فسادات ہوئے تھے، اس دوران ہزاروں لوگوں کی جان گئی تھی'۔
نریش گجرال نے اپنے خط میں لکھا کہ 'میں نے فون پر ایک گھر میں پھنسے 16 مسلمانوں کی معلومات دی اور آپریٹر کو بتایا کہ میں رکن پارلیمان ہوں، 11:43 بجے مجھے دہلی پولیس سے تصدیق ملی کہ میری شکایت کی تعداد نمبر 946603 کے ساتھ حاصل ہوئی، اگرچہ مجھے مایوسی ہوئی جب میری شکایت پر دہلی پولیس کی جانب سے ان 16 افراد کو کوئی مدد نہیں ملی۔'