عام آدمی پارٹی اور دہلی حکومت جے ای ای اور نیٹ کے امتحان منسوخ کرنے کے مطالبے پر مستقل بضد ہے، دہلی کے وزیر تعلیم منیش سسودیا اس معاملے کو لے کر مرکزی حکومت پر شدید نکتہ چینی کر رہے ہیں، بدھ کے روز اس مسئلے پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے یہاں تک کہا کہ مرکزی حکومت طلباء کے مفاد میں تنگ نظری ترک کرے اور امتحان کو منسوخ کرے یا کچھ متبادل اقدام کرے۔
منیش سسودیا نے اس معاملے پر مرکزی وزیرتعلیم رمیش پوکھریال نشانک کو خط لکھا ہے۔ اس خط کے ذریعے سسودیا نے مرکزی وزیر تعلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ کورونا کے موجودہ بحران کے پیش نظر طلباء کے مفاد میں جے ای ای اور این ای ای ٹی کے امتحان کو منسوخ کیا جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ موجودہ وقت میں امتحانات کا انعقاد 28 لاکھ طلباء کی صحت کے ساتھ کھلواڑ کے مترادف ہوگا۔
سسودیا نے اپنے مکتوب میں یہ بھی کہا ہے کہ مرکزی حکومت جس نظام کا حوالہ دے رہی ہے، اسی نظام کے تحت رہتے ہوئے ملک کے وزیر داخلہ ، وزیر اعلی، وزیر اور متعدد ریاستوں کے گورنر تک اس وبا سے متأثر ہوئے ہیں، انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ اس معاملے میں مرکزی حکومت کو اس کو ایڈمنسٹریٹر کے طور پر نہیں بلکہ ایک گارجیئن کی حیثیت سے سوچنا چاہیے۔
سسودیا نے کہا ہے کہ ذرا تصور کریں کہ اگر پانچ سو چھ سو بچوں کے درمیان پانچ - چھ فیصد بچوں میں بھی انفیکشن ہونے کا خدشہ ہے تو پھر ہمارا اپنے بچوں کو امتحان کے لیے بھیجتے ہوئے دل نہیں بیٹھ جائے گا۔ انہوں نے وزیر تعلیم سے درخواست کی ہے کہ موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے امتحان کی تاریخ میں توسیع کی جائے یا متبادل انتظامات کیے جائیں۔