کورونا وائرس کی وجہ سے کرکٹ سرگرمیاں ٹھپ ہونے کے درمیان سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی ) نے کہا ہے کہ وہ اس سال جولائی میں بھارت کی میزبانی کے لئے تیار ہے۔بھارت کو جون کے آخر میں سری لنکا کا دورہ کرنا ہے جہاں اسے تین ون ڈے اور تین ٹی -20 میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔
کورونا کی وجہ سے ہندستان میں لاک ڈاؤن 31 مئی تک بڑھا دیا گیا ہے اور بین الاقوامی پروازوں پر بھی 31 مئی تک پابندی جاری ہے۔
بی سی سی آئی کے خازن ارون سنگھ دھومل کا کہنا ہے کہ ابھی تک کچھ فیصلہ نہیں کیا گیا ہے کیونکہ ابھی یہ معلوم نہیں ہے کہ اس وقت سفری پابندی کیا ہوں گی ۔ اس بارے میں ابھی کچھ واضح نہیں ہے تو اس معاملے پر انتظار کرنے کے بعد ہی کوئی فیصلہ لیا جائے گا۔
بھارت کے سری لنکا دورے کے بعد بنگلہ دیش کو عالمی ٹیسٹ چمپئن شپ کے تحت سری لنکا کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔ایس ایل سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایشلے ڈی سلوا نے کہا کہ ہم نے بھارت اور بنگلہ دیش کے بورڈ سے دورے کو لے کر جانکاری مانگی ہے۔ابھی کسی سیریز کو ملتوی نہیں کیا گیا ہے۔
بھارت اور بنگلہ دیش کے بورڈ سے دورے کو لے کر معلومات حاصل کرنے کے بعد سری لنکا کی حکومت سفری پابندی ہٹانے پر غور کر سکتی ہے۔سری لنکا میں 31 مئی تک بین الاقوامی پروازوں پر پابندی ہے۔