ملک میں کووڈ۔19 کے لگاتار سنگین ہوتے جارہے حالات کے درمیان بدھ کے روز راحت بھری خبر یہ ہے کہ کورونا وائرس کے فعال کیسز کے مقابلے میں اس وبا سے شفایاب ہونے والوں کی تعداد زیادہ ہے۔
مرکزی وزارت صحت کی جانب سے آج صبح جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 'ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 76 ہزار 583 ہوگئی ہے'۔
اعدادوشمار کے مطابق 'فی الحال ایک لاکھ 33 ہزار 632 کورونا وائرس کے ایکٹیو کیسز ہیں، جبکہ اس مہلک وائرس سے جنگ میں ایک لاکھ 35 ہزار 206 افراد شفایاب ہوچکے ہیں'۔
ریاستوں کی بات کریں تو تامل ناڈو، گجرات، راجستھان، اترپردیش، اڈیشہ، بہار، آندھراپردیش، ہماچل پردیش وغیرہ میں ایکٹیو کیسز کے مقابلے صحت مند افراد کی تعداد میں نمایاں فرق ہے۔
جبکہ تمل ناڈو میں 16 ہزار 282 ایکٹیو کیسز ہیں، صحت مند ہونے والوں کی تعداد اس ریاست میں 18 ہزار 325 ہے۔
گجرات میں ایکٹیو کیسز 5 ہزار 336 جبکہ صحت مند ہونے والوں کی تعداد 14 ہزار 365 ہے ، راجستھان میں ایکٹیو کیسز 2 ہزار 662 ہیں جبکہ شفایاب ہونے والوں کی تعداد 8 ہزار 328 ہے، اتر پردیش میں 4 ہزار 365 ایکٹیو کیسز ہیں جبکہ 6 ہزار 669 شفایاب ہوئے، بہار میں ایکٹیو کیسز 2 ہزار563 ہیں جبکہ 2 ہزار 864 افراد ٹھیک ہوئے ہیں، آندھرا پردیش میں 2 ہزار 191 ایکٹیو کیسز ہیں جبکہ 2 ہزار 802 افراد شفایاب ہوئے اور ہماچل پردیش میں ایکٹیو کیسز کی تعداد 191 ہے جبکہ 249 افراد صحت مند ہوئے ہیں۔
شاید یہ پہلا موقع ہے جب ملک میں صحتمند افراد کی تعداد میں فعال کیسز کے مقابلہ میں تیزی آئی ہے۔
بھارت اس وقت دنیا کے سب سے زیادہ کورونا وائرس سے متاثر ممالک کی فہرست میں پانچویں مقام پر ہے اور اس وائرس کی وجہ سے 7 ہزار 775 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔