امریکہ نے 28 مارچ کو کووڈ۔19 کی وبا سے نمٹنے کےلئے 29 لاکھ ڈالر کی مدد دینے کا جو اعلان کیا تھا، اسے یونائٹیڈ اسٹیٹس انٹرنیشنل ایڈ ایجنسی (یو ایس ایڈ) کے ذریعہ دیا جائے۔
بھارت میں امریکی سفارت خانے نے آج یہاں بتایا 'یہ مدد دو حصوں میں تقسیم کرکے دی جائے گی۔ 24 لاکھ ڈالر جان ہاپکنس یونیورسٹی سے متعلق ایک بین الاقوامی رضاکار تنظیم جے ایچ پی جےفاؤنڈیشن کے ذریعہ کچھ صحت کے منصوبوں کو مضبوط بنانے کے لئے خرچ ہوں گے جبکہ پانچ لاکھ ڈالر عالمی ادارہ صحت کو بھارت میں کی جا رہی کوششوں میں اضافے کے لئے دیئے جائیں گے۔
دنیا بھر میں اب تک کورونا وائرس سے 12 لاکھ سے زائد افراد متاثرہو چکے ہیں جبکہ 69 ہزار 500 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
وہیں اگر بھارت کی بات کریں تو ملک میں اب تک 4 ہزار 67 کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ 109 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک امریکہ ہے، امریکہ میں اب تک کووڈ انیس سے 9 ہزار 643 اموات ہو چکی ہیں جبکہ 3 لاکھ 37 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو گئے ہیں۔
کورونا وائرس سے متاثرین اور مرنے والوں کی تعداد میں لگاتار اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔