کووڈ 19 کے مریضوں کو ہوائی سفر کرنے کے لئے اب دو ماہ کے بجائے صرف تین ہفتوں کا انتظار کرنا پڑے گا۔
وزارت شہری ہوا بازی نے 21 مئی کو ہوائی سفر کے لئے جاری کی گئی رہنما ہدایات میں ترمیم کی ہے۔ دو ماہ کے وقفے کے بعد 25 مئی سے ملک میں گھریلو مسافروں کی پروازیں دوبارہ شروع کرتے ہوئے یہ کہا گیا تھا کہ ہوائی مسافروں کو ایک تحریری اعلامیہ دینا پڑے گا کہ ان کی کورونا کی رپورٹ گزشتہ دو ماہ میں 'مثبت' نہیں رہی تھی۔ اب اس مدت کو کم کرکے تین ہفتے کر دیا گیا ہے۔
پیر کے روز وزارت نے ایک دفتری سرکلر جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ "بدلتے ہوئے حالات میں اس وبا سے صحتیاب ہونے والے لوگوں کی بڑی تعداد کے پیش نظر، التزامات کو تبدیل کرنے کی ضرورت محسوس کی گئی تاکہ کووڈ 19 سے شفایاب ہونے والے افراد کو ہوائی جہاز کے ذریعے سفرکرنے میں دشواری نہ ہو"۔ جو مسافر تین ہفتے پہلے کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے تھے ان کو اس بیماری سے شفایابی کی میڈیکل سرٹیفکیٹ فراہم کرنی ہوگی۔