کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی نے احمد پٹیل، کے سی وینوگوپال (اے آئی سی سی جنرل سیکریٹری، انچارج تنظیم) اور اجے ماکن (اے آئی سی سی جنرل سکریٹری انچارج، راجستھان) کی ایک تین رکنی کمیٹی تشکیل دی۔
آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی طرف سے ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ 'کانگریس کی صدر نے راجستھان میں حالیہ معاملات کی نگرانی کے لئے ایک تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اس کمیٹی کے اراکین میں احمد پٹیل، انچارج تنظیم اور اے آئی سی سی جنرل سکریٹری شامل ہیں'۔
کانگریس نے آج اجے ماکن کو راجستھان کا انچارج جنرل سکریٹری مقرر کیا۔
اس سے قبل 14 اگست کو راجستھان کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے ریاستی اسمبلی میں اعتماد کے ووٹ کی جیت کو ریاست کے عوام کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ریاست میں حکومت گرانے کی بی جے پی کی سازش ناکام ہوچکی ہے۔
راجستھان میں اشوک گہلوت حکومت نے جمعہ کو صوتی ووٹوں کے ذریعہ ریاستی اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کیا۔
گہلوت نے نامہ نگاروں کو بتایا ہے کہ 'پوری ریاست میں خوشی کی لہر دوڑ رہی ہے۔ میں اسے راجستھان کے عوام کی جیت سمجھتا ہوں۔ اب ہمیں کووڈ 19 سے لڑنے کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا'۔
انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی ریاستی حکومت کو گرانے کی کوشش میں ناکام رہی۔
- مزید پڑھیں: کفیل خان کی نظر بندی میں 3 ماہ کی توسیع
انہوں نے کہا ہے کہ 'راجستھان میں بی جے پی کی سازش ناکام ہوچکی ہے۔ بی جے پی نے مدھیہ پردیش، کرناٹک، مہاراشٹر، گوا، منی پور اور اروناچل پردیش میں جس طرح کی سازش کی تھی، راجستھان میں بھی اسی تکنیک کا استعمال کیا، لیکن وہ بری طرح ناکام ہوگئی'۔