بدھ کے روز یہاں وزیر اعظم نریندر مودی کی زیرصدارت مرکزی کابینہ نے دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) کے سب -گریڈیشن کے معاملے کے جائزے کے لئے تشکیل دیئے گئے کمیشن کی میعاد میں 31 جنوری 2021 تک چھ ماہ بڑھانے کی منظوری دی۔
اجلاس کے بعد وزیر اطلاعات و نشریات پرکاش جاوڈیکر ، وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت جتیندر سنگھ اور مویشی پروری کے وزیر گری راج سنگھ نے یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ کمیشن مرکزی فہرست میں حاشیے پر کھڑی ایسی پسماندہ برادریوں کو فائدہ پہنچانے کے لئے سفارشات کرے گا جن کو ابھی تک او بی سی ریزرویشن کا فائدہ نہیں ہوا ہے۔ اس سے ان سبھی افراد کو فائدہ ہوگا جو ان ذات اور برادریوں سے تعلق رکھتے ہیں جو او بی سی کی مرکزی فہرست میں شامل ہیں، مگر انہيں مرکزی حکومت کے عہدوں اور مرکزی حکومت کے تعلیمی اداروں میں داخلوں کے لئے موجودہ او بی سی ریزرویشن اسکیم سے کوئي فائدہ نہيں ہوا ہے۔
جتیندرسنگھ نے بتایا کہ کمیشن کے قیام اور انتظامیہ سے متعلق اخراجات کا بوجھ وزارت سماجی انصاف و تفویض اختیارات برداشت کرے گا۔ اس سلسلے میں صدر جمہوریہ کی منظوری کے بعد کمیشن کی میعاد میں توسیع کے آرڈر اور زیر غور موضوعات کو گزٹ میں نوٹیفائی کیا جائے گا۔ یہ کمیشن 2 اکتوبر 2017 کو آئین کے آرٹیکل 340 کے تحت قائم کیا گیا تھا۔