عالمی ادارہ صحت نے جمعرات کو جی 20 رہنماؤں کی سمٹ میں كووڈ-19 پر اپنی توجہ مرکوز کرنے اور اس سے نمٹنے کے لیے متحد ہونے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس انفیکشن ایک عالمی وبا ہے جس سے نمٹنے کے لیے اجتماعی طور پر ذمہ داری ادا کرنے ضرورت ہے۔
ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس گیبريس نے کہا ’اس وقت ہم سب صحت کے سب سے بڑے بحران کا سامنا کرنے کے لئے متحد ہوئے ہیں۔ ہم ایک وائرس کے ساتھ لڑائی لڑ رہے اور اگر ہم متحد نہیں ہوئے تو یہ ہمیں الگ تھلگ کر دے گا‘۔
انہوں نے اس وبا کا مشترکہ حل تلاش کرنے اور مل کر کام کرنے کے لئے جی 20 کے اقدامات کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا ’’یہ ایک عالمی مسئلہ ہے جس کے لئے اجتماعی ذمہ داری کی ضرورت ہے۔ اس سے لڑنے کے لئے تین طریقے ہیں اور وہ ہیں جدوجہد کریں، متحد ہوکر مقابلہ اور باقی ممالک کی حوصلہ افزائی کریں‘‘۔
انہوں نے جی 20 رہنماؤں کے عزم کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ’’اس وبا کو دور کرنے کے لئے ہمیں ہر ممکن کوششیں کرنی چاہئیں۔ ہمیں تجارت اور دیگر شعبوں میں خطرے سے دو چار لوگوں کی زندگی اور ان کے روزگار کی حفاظت کے ساتھ ساتھ ان کا اعتماد بڑھانا چاہئے۔ اس کے علاوہ خاص طور پر سب سے کمزور لوگوں کے لئے صحت کے سبھی ضروری اقدامات اور فنڈ کو یقینی بنانے کی کوشش کرنی چاہئے‘‘۔
جی 20 ارکان نے تحقیق کو فروغ دینے، ویکسین اور ادویات کے لئے فنانسنگ میں اضافہ کرنے، بین الاقوامی سطح پر سائنسی تعاون کو مضبوط کرنے اور ڈیجیٹل فوائد اٹھانے کے لئے ساتھ آنے کاعہد کیا۔ ارکان نے بدلے میں ڈبلوایچ او اور دیگر متعلقہ تنظیموں کو وبا سے نمٹنے میں ہو رہی کسی بھی طرح کی تاخیر کا پتہ لگانے اور جی -20 کے خزانہ اور صحت وزراء کو اس کا اندازہ لگانے کی رپورٹ کرنے کی اپیل کی۔