کرناٹک فون ٹیپنگ کیس میں آج مرکزی تفتیشی ایجنسی سی بی آئی نے بنگلورو کے سابق پولیس کمشنر آلوک کمار کے گھر پر چھاپے ماری کی ہے۔ فی الحال آلوک کمار کرناٹک ریزو پولیس کے اے ڈی جی پی کے عہدے پر تعینات ہیں۔
دراصل کرٹانک کے سابق وزیراعلی کمارا سوامی پر کانگریس۔جے ڈی ایس اتحاد حکومت کے دوران غیرقانونی طور پر کئی سیاسی رہنماؤں اور نوکرشاہوں کے فون ٹیپنگ کا الزام ہے۔
جب یدورپا کی قیادت میں بی جے پی برسراقتدار ہوئی تو وزیراعلی یدورپا نے فون ٹیپنگ کیس کی تفتیش کے حکم دیے۔
دراصل جی ڈی ایس سے نااہل قرار دیے گئے باغی رکن اسمبلی اے ایچ وشوناتھ نے ایچ ڈی کمارا سوامی کی حکومت پر الزام عائد کیا تھا کہ 300 سے زائد افراد کے غیرقانونی طور پر فون ٹیپنگ کی گئی۔
حکام کے مطابق سی بی آئی نے بنگلورو پولیس کے سائبر کرائم برانچ سے اس کیس کو لے کر تفتیش شروع کر دی ہے اور نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔
حکام کے مطابق حکومت کے نوٹس میں آیا ہے کہ حکمراں جماعت اور اپوزیشن پارٹی کے کئی رہنماؤں، ان کے رشتہ داروں اور نوکرشاہوں کے فون غیرقانونی طور پر ٹیپ کیے گئے تھے۔