دارالحکومت دہلی میں لاک لاک ڈاؤن کی وجہ سے تاجروں کو درپیش پریشانیوں کے مدنظر سی اے ٹی کے قومی سکریٹری جنرل پروین کھنڈیلوال نے وزیر برائے صنعت و تجارت پیوش گوئل کو ایک خط لکھ کر تاجروں کو ریلیف دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
خط میں یہ بھی ذکر کیا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے تاجروں کا کاروبار متأثر ہوا ہے جس کی وجہ سے وہ اپنے ملازمین کو وقت پر تنخواہیں ادا کرنے سے قاصر ہیں۔
وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل کو لکھے گئے خط میں پروین کھنڈیلوال نے کہا ہے کہ مالی رکاوٹوں کے باوجود تاجروں نے اپنے ملازمین کی تنخواہیں وقت پر ادا کی ہیں لیکن لاک ڈاؤن کی مدت میں توسیع کے بعد انہیں معاشی بحران کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
کاروبار مکمل طور پر بند ہوگیا ہے جس کی وجہ سے ان کی آمدنی بھی متأثر ہوئی ہے۔ ایسی صورتحال میں انہیں مزدوروں کو تنخواہ دینے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اگر اس لاک ڈاؤن میں بھی تاجروں کے ذریعہ مزدوروں کو ادائیگی کی جاتی ہے تو پھر ان کا کاروبار مکمل طور پر گر سکتا ہے کیونکہ اس وقت مارکیٹ میں پیسے کا بہاؤ مکمل طور پر بند ہے۔
پیوش گوئل کو لکھے گئے خط میں پروین کھنڈیلوال نے درخواست کی ہے کہ حکومت اس مصیبت کے وقت تاجروں کے مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کے لیے کوئی حل تلاش کرے تاکہ مزدوروں کو وقت پر تنخواہ دی جاسکے اور کاروباریوں کو اپنا کاروبار چلانے میں آسانی ہو۔