رکن پارلیمنٹ اور بی جے پی رہنما مینکا گاندھی کے خلاف حاملہ ہتھنی کے مبینہ قتل سے متعلق 'فرقہ وارانہ' تبصرہ کرنے پر ملاپورم پولیس نے آئی پی سی کی دفعہ 153 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
ملاپورم پولیس نے کیرالہ کے پالاکڈ میں واقع سائلینٹ ویلے نیشنل پارک کے قریب حاملہ ہتنھی کے مبینہ قتل کے بعد مینکا گاندھی کے 'فرقہ وارانہ' بیان پر یہ مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
رکن پارلیمنٹ مینیکا گاندھی نے کہا ہے کہ 'ملاپورم اپنی شدید مجرمانہ سرگرمی کے لئے جانا جاتا ہے، یہاں صرف ہاتھوں کو ہی نہیں بلکہ دیگر جانوروں کو بھی مارا جاتا ہے۔ اس کے باوجود کسی بھی شکاری یا جنگلی حیات کے قاتل کے خلاف آج تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے'۔
انھوں نے کہا کہ 'کیرالہ میں کچھ بھی مارو، لیکن کیرالہ حکومت کوئی بھی کارروائی نہیں کرتی'
مینیکا گاندھی نے الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ 'کیرالہ میں ہر سال قریب چھ سو کے قریب ہاتھی مارے جاتے ہیں'۔
کیرالہ کے وزیر اعلی پنارائی وجیئن نے اس کو 'غیر ذمہ دارانہ' تبصرہ قرار دیا ہے۔ جبکہ مسلم اکثریتی ضلع ملاپورم میں ایک زبردست ہنگامہ برپا ہوگیا۔
اس بیان کے بعد مینکا کے خلاف چھ شکایات مقامی پولیس میں درج کی گئیں۔
مینکا گاندھی اس وقت اترپردیش کے سلطان پور سے لوک سبھا ممبر ہیں۔
واضح رہے کہ حاملہ ہتھنی کی دھماکہ خیز مواد سے بھرا انناس کھانے کی وجہ سے موت واقع ہوگئی۔ جس کو انسانیت سوز واقعہ قرار دیا گیا۔