آندھرا پردیش اسمبلی کے عہدیداروں نے ریاستی مقننہ کے مجوزہ بجٹ اجلاس کے پرسکون انعقاد کےلیے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔
یہ ہدایات کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظر جاری کی گئی ہیں۔ عہدیداروں نے اسمبلی اور کونسل کے ارکان کے علاوہ ریاستی وزراء سے کہا ہے کہ وہ اپنے پرسنل اسٹاف کو مقننہ بجٹ اجلاس کے دوران اسمبلی و کونسل کے احاطہ میں نہ لائیں۔ عہدیداروں نے یہ واضح کردیا کہ یہ بجٹ سشن خصوصی انداز میں منعقد کیا جا رہا ہے ۔ عہدیداروں نے ارکان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اجلاس کے دوران سماجی فاصلے کو برقرار رکھیں۔
انہوں نے ارکان سے مزید کہا کہ وہ اپنی گاڑیوں پر داخلہ پاسیس چسپاں کریں۔ احاطہ میں داخل ہونے والی ہر گاڑی کی چیکنگ کی جائے گی ۔ اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ نامعلوم افراد کو ایوان کے احاطہ میں داخلہ کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ارکان کے ساتھ صرف ان کے گن مین احاطہ میں داخل ہوسکتے ہیں۔
آندھرا پردیش اسمبلی کا بجٹ اجلاس 16 جون سے شروع ہونے والا ہے۔