بی ایس یدیورپا نے گورنر سے ملاقات کرکے انہیں ایک مکتوب سونپا اور ذرائع کے مطابق وہ آج شام چھ بجے کے بعد راج بھون میں ریاست کے نئے وزیراعلیٰ کے طور پر حلف لے سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ریاست کرناٹک میں کافی وقت سے کانگریس ۔ جے ڈی ایس اتحاد کی حکومت بحران کا شکار تھی۔
گذشتہ روز اسمبلی میں کانگریس ۔ جے ڈی ایس حکومت اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں ناکام ہو گئی تھی جس کے بعد ریاست کے وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمارا سوامی نے استعفیٰ دے دیا تھا۔
بی جے پی کے اگلے وزیراعلی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلےسے ہی قانون ساز پارٹی کے لیڈر ہیں اس لئے انہیں دوبارہ منتخب کئے جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ریاست میں کانگریس -جے ڈی (ایس ) مخلوط حکومت گرنے کے بعد مسٹر یدی یورپا اب حکومت بنانے کا دعوی پیش کرنے جا رہے ہیں جس سے نئی حکومت کے گٹھ بندھن کے تعلق سے غیر یقینی صورتحال کے بادل ہٹتے نظر آ رہے ہیں۔ اگر گورنر ان کا حکومت بنانے کا دعوی قبول کر لیتے ہیں تو وہ چوتھی مرتبہ کرناٹک کے وزیر اعلی بنیں گے۔