ایک سینیئر افسر نے بتایا ہے کہ 'پنجاب کے ضلع ترن تارن میں 103 ویں بٹالین کے مستعد دستوں نے بین الاقوامی سرحد پر دراندازوں کی مشکوک حرکت دیکھی۔ فورسز نے انہیں رکنے کے لیے کہا لیکن انہوں نے فورسز پر فائرنگ شروع کردی۔ جوابی کاروائی میں فورسز نے پانچ دراندازوں کو ہلاک کردیا، سرچ آپریشن اب بھی جاری ہے'۔
بی ایس ایف کے ایک اور اہلکار نے بتایا کہ یہ واقعہ صبح چار بج کر 45 منٹ پر 'دال' سرحدی چوکی کے قریب پیش آیا جو ضلع کے بھکی ونڈ علاقے کے قریب ہے۔
بی ایس ایف کے ایک جوان نے بتایا کہ 'پہلی بار آدھی رات میں بارڈر پر مشکوک سرگرمی دیکھی گئی'۔
انہوں نے بتایا کہ 'حملہ آور رائفل لئے ہوئے تھے اور وہ بھارت میں گھستے وقت وہاں لگی بےترتیب لمبی گھاسوں میں چھپنے کی کوششیں کر رہے تھے'۔
بی ایس ایف کے جاری کردہ ایک فوٹو میں دکھایا گیا ہے کہ دو لاشیں وہاں رکھی ہوئی تھیں جبکہ تین دیگر افراد گھاسوں کی جھانڑیوں میں الگ سے پڑے ہوئے تھے۔ تصویروں میں کچھ ہتھیار بھی نظر آرہے ہیں۔
بی ایس ایف کے دوسرے عہدیدار نے بتایا کہ 'دراندازوں کے قبضے سے ایک اے کے 47 رائفل اور دو پستول ملے ہیں۔ دیگر ممکنہ ہتھیاروں کو تلاش کرنے کے لئے سرچ آپریشن جاری ہے'۔
- مزید پڑھیں: وزیراعظم نے گنیش چترتھی پر مبارکباد پیش کی