ریاست مہاراشٹر کے اورنگ آباد شہر کے بھاؤ سنگھ پورہ علاقے کا شمار شہر کی سلم بستیوں میں ہوتا ہے اس بستی میں غریب اور محنت کش طبقے کی اکثریت ہے، راہل نامی نوجوان جو کے بی ایس سی گریجویٹ ہے لیکن لاک ڈاون میں اس کی نوکری جانے کے سبب وہ اپنے والد کی سبزی کی گاڑی سنبھال رہا ہے۔
لاک ڈاون میں جب راہل نے دیکھا کہ لوگوں کے پاس سبزی خرید نے کی بھی استطاعت نہیں ہے تو اس نے اپنی سبزی کی گاڑی پر بورڈ لگایا کہ جن کے پاس پیسے نہیں ہیں وہ مفت میں سبزی لے جائیں، مقامی لوگوں کو راہل کے اس اقدام سے کافی راحت ملی ہے۔
راہل کی والدہ کا کہنا ہے کہ وہ راہل کے اس اقدام سے بہت خوش ہے اور ہر ممکن کوشش کی جائے گی کہ اس کا کام آگے بڑھ سکے۔راہل کے دوست منیش نے کہا کہ راہل کا غریبوں کو مفت میں ترکاری دینے والا کام بہت پسند آیا تھا اور اس نے راہل کی مارکیٹنگ کرنے کے لئےفیس بک پر اسٹوری ڈالی تھی لیکن وہ اسٹوری دنیا بھر میں مشہور ہوگئی اور راہل کی ہر جگہ ستائش کی جا رہی ہے۔
راہل کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو ہفتوں میں اس نے کم سے کم پانچ سو لوگوں کو مفت میں سبزی دی ہے، راہل کا فوٹو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اسے کافی شہرت حاصل ہوئی ہے اب راہل کا کہنا ہے کہ وہ آن لائن پورے شہر میں سبزی فروخت کریگا اور اس کا جو بھی منافع آئیگا اس سے وہ غریب مستحق افراد کو مفت میں سبزی دیگا۔