کانگریس کے سینئر رہنما اور ریاست مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ عبد الرحمن انتولے کی 92 ویں یوم پیدائش کے موقع پر بریلی ضلع کانگریس یونٹ نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اُن کے سیاسی تعاون پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا. اس موقع پر اقلیتی سیل نے شہر کے چنندہ ڈاکٹرس کو بھی اعزاز سے سرفراز کیا، ڈاکٹروں کو گرم پانی کی بوتل اور ایک شال دیکر اعزاز سے نوازا گیا۔
اقلیتی سیل کے ضلع صدر جنید حسین نے کہا کہ مرحوم عبد الرحمن انتولے صاحب مہاراشٹر کی شان رہے ہیں، اُن کے یوم پیدائش کے موقع پر پارٹی نے شہر کے نامور ڈاکٹروں کو اعزاز سے نوازنا پارٹی کے لیے خوش قسمتی کی بات ہے، کانگریس پارٹی ہی واحد ایسی پارٹی ہے، جس نے سبھی طبقہ کے لوگوں کو اپنے ساتھ منسلک کرنے کا کام کیا ہے. لیکن موجودہ مرکزی حکومت ان دنوں شدت سے اکثریتی اور اقلیتی طبقہ کے مابین اختلاف پیدا کرنے کا کام کر رہی ہے۔
اتر پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سیکرٹری برہم سواروپ ساگر نے کہا کہ غیر کانگریسی سیاسی تنظیموں نے اقلیتی طبقہ کو گمراہ کرکے ووٹوں کی سیاست کرنے کا کام کیا ہے. اس کے عوض میں اقلیتی طبقہ کو بہتر نتائج کے بجائے دھوکہ اور فریب ہی ملا ہے، کانگریس پارٹی نے اقلیتی طبقہ کا مستقبل بہتر بنانے کے لیے اعلیٰ درجہ کی تعلیم کی تمام اسکیمس کو عمل میں لانے کا کام کیا ہے، اسی وجہ سے ایک مرتبہ پھر کانگریس پارٹی ملک کے عام آدمی میں اپنا اعتماد قائم کر رہی ہے۔
اسی سلسلے کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے اتر پردیش کانگریس کمیٹی کے سیکرٹری چودھری اسلم میاں نے کہا کہ عام آدمی مخالف اور کاشتکار مخالف بی جے پی کی مرکزی حکومت سرمایہ داروں کے ہاتھوں کی کٹھپُتلی بن کر رہ گئی ہے، مرکزی حکومت سرمایہ داروں کے ہاتھوں میں ملک کے سرکاری خزانوں کو فروخت کرکے ملک کو غلام بنانا چاہتی ہے، چودھری اسلم میاں نے تمام حاضرین کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسی لیے ضروری ہے کہ ملک مخالف اور جمہوریت مخالف حکمراں جماعت بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کیا جائے۔