بالی ووڈ کے معروف اداکار عرفان خان کا آج ممبئی کے ایک اسپتال میں انتقال ہو گیا۔ وہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔ انہوں نے اپنی اداکاری سے شائقین کو خوب محظوظ کیا ۔ ان کے اتنقال سے فلمی حلقے میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ انتقال کے وقت ان کی عمر 54 برس تھی۔
عرفان خان کا پورا نام صاحبزادے عرفان علی خان تھا، وہ 7 جنوری 1966 کو راجستھان کے دارالحکومت جئے پور میں پیدا ہوئے تھے۔
انھوں نے بالی ووڈ کے علاوہ ہالی ووڈ کی فلموں میں بھی کام کیا ہے اور دنیا بھر میں انھوں نے اپنی اداکاری کا لوہا منوایا ہے۔
خیال رہے کہ عرفان خان نیورو اینڈ کرائن ٹیومر میں مبتلا تھے، انہوں نے لندن سے اپنا علاج کرایا تھا جس کے بعد وہ ممبئی واپس آئے تھے۔
انہوں نے علاج مکمل ہونے کے بعد انگریزی میڈیم فلم کی شوٹنگ کی تھی لیکن فلم کے سیٹ پر اکثر ان کی طبیعت بگڑ جایا کرتی تھی۔
پچیس اپریل کو عرفان خان کی والدہ سعیدہ بیگم کا انتقال ہوا تھا۔ سعیدہ بیگم کا تعلق راجستھان کی اکلوتی مسلم ریاست "ٹونک" کے نواب خاندان سے تھا، ان کے آبا و اجداد 19 ویں صدی میں افغانستان سے ہجرت کرکے ہندوستان آئے تھے۔
ملک میں جاری لاک ڈاؤن کی وجہ سے عرفان خان اپنی والدہ کے جنازے میں شرکت نہیں کرپائے تھے کیونکہ وہ ممبئی میں مقیم تھے اور ان کی والدہ کا انتقال راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں ہوا تھا۔ انہوں نے ویڈیو کال کے ذریعے اپنی والدہ کا آخری دیدار کیا تھا۔