اترپردیش کے بنارس میں واقع میداگن چوراہے میں نصب سابق آنجہانی وزیر اعظم راجیو گاندھی کے مجسمے پر آج رات شر پسندوں نے کالک پوت دی ہے جس کی اطلاع کانگریس کارکنان نے انتظامیہ کو دی ہے اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، اگر کاروائی نہیں کی جاتی ہے تو کانگریس کارکنان 48 گھنٹے کے بعد جائے مقام پر دھرنے پر بیٹھیں گے جس کی پوری ذمہ داری انتظامیہ کی ہوگی۔
کانگریس پارٹی کے ضلع صدر راگویندر چوبے نے کہا کہ سابق آنجہانی وزیر اعظم راجیو گاندھی نے ملک کے لیے قربانی پیش کی ہے۔ ان کے مسجمے کے ساتھ نازیبا حرکت برداشت نہیں ہے۔
واضح رہے کہ آج وزیراعظم نریندر مودی کا بنارس دورہ ہے جس کو لے کر پولیس انتظامیہ پوری طریقے سے مستعد ہے۔ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر کئی علاقوں میں بیریکیڈ کیا گیا ہے۔ سخت سیکورٹی کے احکامات نافذ ہیں، اس کے باوجود سابق آنجہانی وزیر اعظم راجیو گاندھی کے مجسمے پر کالک پوتنا حفاظتی اقدامات پر سوالیہ نشان کھڑا کرتا ہے۔