ایودھیا میں مسمار کی گئی بابری مسجد کی برسی کی وجہ سے اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنئو اور دیگر مسلم اکثریتی اضلاع میں بھی پولیس نے سخت حفاظتی انتظامات کئے ہیں۔
پورے ایودھیا کو چھاؤنی میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ دفعہ 144 نافذ ہے جس کی رو سے ایک جگہ پانچ افراد جمع نہیں ہوسکتے۔ جلسے - جلوس نہیں نکالے جاسکتے اور کسی بھی طرح کا پروگرام یا تقریب انتظامیہ کی اجازت کے بغیر نہیں کیے جاسکے۔
اترپردیش کے کئی اضلاع میں انٹرنیٹ خدمات بھی معطل کر دی گئی ہیں۔ متعدد عارضی جیلیں بھی بنائی گئی ہیں۔ ہر اضلاع میں خصوصی کنٹرول رومز قائم کیے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں قومی دارالحکومت نئی دہلی، تلنگانہ، بہار، راجستھان، مدھیہ پردیش، مہاراشٹرا، آندھراپردیش، کرناٹک اور چند دوسری ریاستوں میں بھی بابری مسجد - رام جنم بھومی اراضی تنازع پر فیصلے سے قبل ہائی الرٹ ہے۔
مرکز کے زیرانتظام علاقہ جموں و کشمیر و لداخ میں بھی دفعہ 144 نافذ ہے۔ انٹرنیٹ خدمات معطل ہیں۔ اسکول و کالجز بند ہیں۔ سنیچر کو ہونے والے امتحانات کو معطل کر دیا گیا ہے۔ نو سے 11 تاریخ تک تمام سرکاری و پرائیویٹ اسکولز بند ہیں۔ جموں و کشمیر میں پہلے سے ہی بندشیں عائد ہیں۔ اور وہاں اسکولز تو کھلتے ہیں لیکن طلبا کی حاضری صفر ہے۔