بابری مسجد کے فیصلے کے تناظر میں جمعیۃ علماء ہند کی مجلس عاملہ نے تجویز منظور کی ہے کہ ایسی صورت حال میں مذکورہ ججوں سے آئندہ کسی خیر کی توقع نہیں ہے بلکہ مزید نقصان کا اندیشہ ہے، اس لیے مجلس عاملہ اس فیصلہ پر نظر ثانی کی درخواست کو مفید تصور نہیں کرتی۔ یہ تجویزآج یہاں مجلس عاملہ کی میٹنگ میں یہ تجویز منظور کی گئی۔
اسی کے ساتھ متعدد تنظیموں نے اپنے آئینی حق کو استعمال کرتے ہوئے نظر ثانی (ریویو پیٹیشن)دائر کر نے کی رائے قائم کرلی ہے، اس لیے جمعیۃ علماء ہند اس کی مخالفت نہیں کرے گی اور امید رکھے گی کہ خدانخواستہ اس اقدام کا کوئی منفی پہلو ظاہر نہ ہو۔
تجویز میں کہا گیا کہ مجلس عاملہ جمعیۃ علماء ہند کا یہ اجلاس بابری مسجد سے متعلق سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کو سراسر یک طرفہ اور غیر منصفانہ قرار دیتا ہے۔اس فیصلے نے یہ ثابت کردیا کہ مند ر توڑ کرمسجد نہیں بنائی گئی بلکہ سیکڑوں برسوں سے قائم مسجد کو شہید کرکے اب عدالت کے ذریعہ وہاں مندر تعمیر کرنے کا راستہ ہموار کردیا گیا ہے جو آزاد بھارت کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے۔
تجویز میں کہا گیا کہ مجلس عاملہ جمعیۃ علماء ہند یہ واضح کردینا چاہتی ہے کہ مسجد کا کوئی بدل نہیں ہو سکتا، اس لیے بابری مسجد کے بدلہ میں ایودھیامیں پانچ ایکڑ زمین قبول نہیں کرنی چاہیے۔
میٹنگ میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔اجلاس میں صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا قاری سید محمد عثمان منصوپوری اور ناظم عمومی مولانا محمود مدنی کے علاوہ مولانا امان اللہ قاسمی نائب صدر جمعیۃ علماء ہند،مولانا صدیق اللہ چودھری صدر جمعیۃ علماء مغربی بنگال، مولانا متین الحق اسا مہ صدر جمعیۃ علماء یوپی، مولانا بدرالدین اجمل صدر جمعیۃ علماء آسام، حافظ ندیم صدیقی صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر، مولانا قاری شوکت علی ویٹ، حافظ پیر شبیر احمد صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش، مفتی افتخار احمد قاسمی صدر جمعیۃ علماء کرناٹک،ایڈوکیٹ نیاز احمد فاروقی، ایڈوکیٹ شکیل احمد سید، مفتی محمد سلمان منصورپوری استاذ حدیث جامعہ قاسمیہ شاہی مرادآباد، مفتی جاوید اقبال کشن گنجی، مولانا معزالدین احمد ناظم امارت شرعیہ ہند، مفتی محمد راشد اعظمی ا ستاذ دارالعلوم دیوبند، مولانا محمد سلمان بجنوری استاذ دارالعلوم دیوبند،سید سراج الدین معینی ندوی درگاہ اجمیر شریف، مولانا عبدالقادر آسام سکریٹری جمعےۃ علماء آسام، ڈاکٹر مسعود احمد اعظمی، حاجی محمد ہارون بھوپال، مفتی حبیب الرحمن الہ آباد، مفتی محمد عفان منصورپوری جامع مسجد امروہہ، مولانا محمد عاقل گڑھی دولت صدر جمعےۃعلماء مغربی یوپی زون اورمولانا علی حسن مظاہری ناظم اعلی جمعےۃ ہریانہ، پنجاب اور ہماچل پردیش شریک ہوئے۔
جمعیۃ علماء ہند کی قومی مجلس عاملہ کا اجلاس صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری کے زیر صدارت اورناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود مدنی کی قیادت میں منعقد ہوا۔