ہریانہ کے وزیر اعلی منوهرلال کھٹر نے دہلی کے تلک نگر علاقے میں بی جے پی کے امیدوار راجیو ببر کی حمایت میں ریلی سے خطاب کیا۔
منوہر لال کھٹر نے کیجریوال حکومت کے ابتدائی دور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دہلی میں تو ایسا ہو گیا جیسے 'بندر کے ہاتھ میں استرا لگ گیا تو بندر لوگوں کا کام تو تمام کرے گا ہی'۔
انہوں نے کیجریوال پر شدید نکتہ چینی کی اور کہا 'اسکیم کو نافذ کرنے والے افسران کے چیف سکریٹری کو تھپڑ مارا گیا'، ان کا کہنا تھا کہ 'جو آپ کی اسکیم کو نافذ کرتا ہے ان افسروں کے چیف سکریٹری کو ہی تھپڑ مار دیا، تو پھر کیا بھروسہ کیا جائے'۔
دہلی اسمبلی انتخابات کے انتخابی مہم کے دوران بڑے رہنماؤں کی جانب سے ہر روز نئے نئے متنازع بیان دیے جا رہے ہیں اس سے قبل مرکزی مملکتی وزیر انوراگ ٹھاکر اور بی جے پی کے رکن پارلیمان پرویش ورما نے بھی متنازع بیان دیا، انوراگ ٹھاکر نے اسٹیج سے ' دیش کے غداروں کو گولی مارو سالوں کو' کا نعرہ لگوایا تھا۔
جبکہ پرویش ورما نے دہلی کے شاہین باغ میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف چل رہے احتجاجی دھرنے پر متنازع بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ 'یہ لوگ آپ کے گھروں میں گھس کر آپ کی بہن بیٹیوں سے ریپ کریں گے'۔
وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی دہلی میں ایک انتخابی جلسے عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ای وی ایم کا بٹن اتنا زور سے دبانا کہ اس کا کرنٹ شاہین باغ میں کے لوگوں کو لگے'۔