ریاست کرناٹک کے دار الحکومت بنگلور میں چند ماہ قبل سیاسی بھونچال کے بعد اس وقت کے اسمبلی اسپیکر نے کانگریس پارٹی کے 17 رہنماؤں کو نااہل قرار دیا تھا،جس کے بعد نا اہل قرار دیے گئے کانگریسی رہنماؤں نے اسپیکر کے فیصلہ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جو کہ ابھی بھی زیر سماعت ہے اور فیصلہ کا انتظار ہے۔
اس کے باوجود چند روز قبل کرناٹک الیکشن کمیشن نے ریاست کے ان 17 اسمبلی حلقوں میں سے 15 سیٹوں پر ضمنی انتخابات کا اعلان کردیا ہے، جب کہ اس معاملے میں سپریم کورٹ کا فیصلہ آنا ابھی باقی ہے۔
ضمنی انتخابات کے اعلان کے بعد شہر کے مسلم اکثریتی شیواجی نگر اسمبلی حلقہ میں سیاست گرم ہوگئی ہے، اس سیٹ پرگذشتہ 35 برسوں سے روشن بیگ ایم ایل اے تھے۔
حالانکہ امیدواروں کے تعلق سے کانگریس کی جانب سے کوئی آفیشیل اعلان ابھی تک نہیں ہوا ہے، کئی سیاسی رہنما کانگریس پارٹی کی ٹکٹ کے دعویدار ہیں، جن میں ریاستی لیجس لیٹو کونسل کے رکن ایم ایل سی رضوان ارشد، ریاستی کانگریس کے سینیئر رہنما عبد العزیز، فریزر ٹاؤن کے کارپوریٹر ذاکر حسین، عبید اللہ شریف وغیرہ ہیں ۔
ریاستی کانگریس کے سینیئر رہنما عبد العزیز نے کہا' کہ وہ گذشتہ تقریباً 40 برسوں سے کانگریس کے متحرک وفادار کارکن رہے ہیں، لیکن بار ہا مطالبے کے باوجود انہیں شیواجی نگر کا ٹکٹ نہیں دیا گیا'۔
عبد العزیز نے دعویٰ کیا' کہ انہیں شواجی نگر کے 80 مساجد پر مشتمل فیڈریشن اور مقامی لوگوں کا ساتھ ہے اور کانگریس پارٹی کی جا نب سے ٹکٹ دیے جانے پر ان کی کامیابی یقینی ہے'۔
شواجی نگر ہی کے ایک وارڈ فریزر ٹاؤن کے موجودہ کارپوریٹر و کانگریس رہنما اے آر ذاکر بھی اس اسمبلی حلقہ سے کانگریس ٹکٹ کے دعویدار ہیں۔
ذاکر کا کہنا ہے 'کہ وہ گذشتہ 20 برسوں سے کارپوریٹر کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں، ان کی میعاد میں کئی کام ہوئے ہیں ،کانگریس پارٹی زمینی سطح سے اوپر آئی ہے اور انہیں علاقے کی عوام کا پورا تعاون ہے'
شواجی نگر کے دعویداروں میں کارپوریٹر عبد الواجد بھی ہیں انہوں نے مقامی سیاسی رہنماؤں اور عوام کا بھرپور تعاون حاصل ہونے کا دعویٰ کیا ہے'۔
شواجی نگر کے سابق رکن اسمبلی روشن بیگ نے اپنے بیٹے رومان بیگ کو انتخابی میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم انہیں سپریم کورٹ کے فیصلہ کا انتظار ہے جو نااہل کردہ ایم ایل ایز کے کیس کی سماعت کررہے ہیں۔
ایسا اندازہ کیا جارہا ہے کہ شواجی نگر سیٹ سے عوام کو کوئی مقامی امیدوار ہی چاہیے، رضوان ارشد کی امیدواری کو اس لیے بھی قبول نہیں کیا جارہا کیونکہ عوام کے نزدیک وہ بنگلور یا شواجی نگر کے نہیں ہیں، رضوان ارشد بنگلور سینٹرل سے پارلیمانی انتخابات میں دو مرتبہ ہار کا سامنا کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ کرناٹکا الیکشن کمیشن کے چیف نے اعلان کیا ہے کہ نااہل کئے گئے ایم ایل ایز کو ان ضمنی انتخابات میں لڑنے نہیں دیا جائیگا۔
یاد رہے یہی وہ 17 ایم ایل ایز ہیں جنہوں نے بی جے پی سے مبینہ طور پر ہاتھ ملایا تھا اور برسر اقتدار کانگریس و جے ڈی ایس کی مخلوط حکومت کو گرا دیا تھا جس کے بعد بی جے پی نے ریاست میں حکومت تشکیل دی۔