اے پی کے مسلم بھائیوں کو ماہ مقدس رمضان المبارک کے آغاز کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے گورنر وشوا بھوشن ہری چندن نے مسلم طبقہ کے تمام افراد سے اپیل کہ کہ وہ گھروں میں ہی محدود رہیں اور اس مقدس ماہ میں گھروں میں ہی عبادت کریں۔
گورنر نے کہا کہ موجودہ طورپر ملک مشکل مرحلہ سے گذررہا ہے اور تمام طبقات کے عوام کو چاہئے کہ وہ کورونا وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لئے حکام کے ساتھ تعاون کرے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی اورریاستی حکومتوں نے تمام اقدامات کئے ہیں تاکہ کورونا وائرس کی روک تھام کی جاسکے جس نے پوری دنیا کو متاثرکیا ہے۔
ہری چندن نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف لڑائی میں کامیابی تمام مذاہب،ذات کے افراد کے تعاون کے ذریعہ ہی ممکن ہے۔گورنر نے کہاکہ تکثیریت،ہندوستانی سماج کا اٹوٹ حصہ اورہندوستانی ثقافت کا لازمی عنصر ہے۔
تمام مذاہب کے ماننے والے افراد کو چاہئے کہ وہ متحد ہوکر اس مشترکہ چیلنج سے لڑنے کے لئے کام کریں۔انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ کوویڈ19،بنی نوع انسان کو درپیش سب سے بڑاچیلنج ہے اور اس وقت میں ہر کسی کو متحد ہوکر ہماری سماجی اور مذہبی سرگرمیوں میں سماجی فاصلہ کی ضرورت پر عمل کرنا چاہئے۔
تمام مسلم بھائیوں اور بہنوں کو چاہئے کہ وہ گھر میں رہیں اور خالق کائنات سے دعا کریں کہ ہمیں اس بات کی طاقت دے کہ ہم دنیا کو معمول کے حالات پر لائیں۔