بھارت کے آئین میں پہلی ترمیم سنہ 1951 میں ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کے دور میں کی گئی تھیں، جبکہ سب سے زیادہ ترامیم اندرا گاندھی کے دور میں کی گئیں۔ 26 جنوری سنہ 1950 کو آئین کو نافذ کیا گیا تھا تب سے آئین میں اب تک کل 103 بار ترامیم کی گئیں۔
آئیے ایک نظر ڈالتے ہیں کہ کس وزیر اعظم کے دور میں کتنی بار بھارتی آئین میں ترمیم کی گئی ہیں:
بھارت کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو نے سنہ 1947 سے لے کر سنہ 1964 تک اپنے دور حکومت میں 17 بار آئین میں ترمیم کی۔ سنہ 1951 میں پہلی بار نہرو کے دور حکومت میں اس آئین میں نظر ثانی کی گئی تھی۔ نہرو بھارت کی تاریخ میں سب سے طویل مدت تک وزیر اعظم کے عہدے پر فائز رہے۔
پنڈت نہرو کے بعد لال بہادر شاستری کے دور حکومت میں تقریبا تین بار آئین میں ترمیم کی گئیں۔
سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے دور حکومت میں تقریبا 22 مرتبہ آئین میں ترمیم کی گئی تھیں۔ وہ سنہ 1967 سے سنہ 1976 تک بھارت کی وزیر اعظم تھیں۔
اندرا گاندھی کے بعد وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے والے مورارجی دیسائی نے اپنے دور حکومت میں دو بار آئین پر ترمیم کی۔
مورارجی دیسائی کے بعد اندرا گاندھی ایک بار پھر اقتدار میں آئیں اور اس بار سنہ 1980 سے سنہ 1984 تک انہوں نے آئین میں سات بار ترمیم کی۔
اندرا گاندھی کے قتل کے بعد ان کے بیٹے راجیو گاندھی نے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالا۔ اس دوران انہوں نے 10 بار آئین میں ترمیم کی۔ راجیو گاندھی نے سنہ 1984 سے 1989 تک اقتدار سنبھالا تھا۔
راجیو گاندھی کے بعد وی پی سنگھ بھارت کے وزیر اعظم بنے۔ وہ سنہ 1990 سے سنہ 1991 تک اس عہدے پر فائز رہے اور اپنے دور حکومت میں انہوں نے آئین میں سات بار ترمیم کی۔ وی پی سنگھ کے بعد پی وی نرسمہا راؤ بھارت کے وزیر اعظم بنے۔ ان کے دور میں 10 بار آئین میں ترمیم کی گئیں۔
پی وی نرسمہا راؤ کے بعد اٹل بہاری واجپئی بھارت کے وزیر اعظم بنے۔ انہوں نے سنہ 2000 سے 2004 تک اپنی پانچ سالہ میعاد میں 14 بار آئین میں ترمیم کی۔
اٹل بہاری واجپئی کے بعد منموہن سنگھ نے سنہ 2004 میں وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف لیا اور سنہ 2014 تک تقریبا دس برس تک اس ملک کے وزیر اعظم رہے۔ اپنے دور حکومت میں انہوں نے چھ بار آئین میں ترمیم کی۔
سنہ 2014 میں نریندر مودی نے وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف لیا اور اب تک ان کی چھ سالہ مدت کے دوران آئین میں پانچ بار ترمیم کی جا چکی ہیں۔