آندھراپردیش کے دارالحکومت کے مسئلہ کی حمایت مرکزی وزیر رام داس اٹھاولے نے کی ہے۔انہوں نے کہاکہ امراوتی کو ریاست کا دارالحکومت برقرار رکھنے کے لئے کسانوں کا مطالبہ منصفانہ ہے۔
جمعرات کی صبح کسانوں اور خواتین کی جے اے سی کے رہنماوں نے قومی دارالحکومت میں اٹھاولے سے ملاقات کرتے ہوئے ان کو ایک میمورنڈم حوالے کیا۔ساتھ ہی امراوتی کے کسانوں کے ساتھ ہورہی مبینہ ناانصافیوں پر توجہ دلائی۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے اٹھاولے نے کہا کہ غریب دلت کسانوں نے نئے دارالحکومت کے لئے اپنی اراضی کی قربانی دی ہے۔ اور اس مسئلہ پر وزیراعلی کو ایک مکتوب بھی روانہ کیا ہے۔انہوں نے امراوتی کو تاریخی اہمیت کا حامل مقام قرار دیا۔
واضح رہے کہ یہ جے اے سی ریاست میں تین دارالحکومتوں کے قیام کی مخالف ہے جس نے اس سلسلہ میں بڑے پیمانہ پر احتجاج کیا ہے۔احتجاج کا سلسلہ ابھی بھی جاری ہے۔